Bangladesh CEC says 180 million people denied their voting rights

09:31PM Sun 5 Jan, 2025

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) اے ایم ایم ناصر الدین نے اتوار کو تقریباً 18 کروڑ لوگوں کے حق رائے دہی بحال کرنے کا وعدہ کیا جنہیں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں حصہ لینے سے محروم رکھا گیا ہے۔ انتخابی اہلکاروں کے لیے ایک تربیتی پروگرام کے آغاز کے موقع پر ناصر الدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن (ای سی) اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کو ہوئے نقصان کے درد کو دور کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اپنے عہد سے پیچھے نہیں ہٹنے والے ہیں ۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق ووٹر لسٹ اپ ڈیٹ کے لیے 20 جنوری سے گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ یہ 13ویں قومی انتخابات کی تیاری میں ایک اہم قدم ہے۔

ناصر الدین نے شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے الیکشن کمیشن کے ہدف کے بارے میں کہا کہ یہ آج سے شروع ہوکر نتائج کے اعلان تک ایک میراتھن ریس ہے … ہمارا ہدف، عزم اور قوم سے وعدہ ہے کہ ہم دنیا کے سامنے ایک آزادانہ ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات پیش کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے، جن میں 2014، 2018 اور 2024 میں عوامی لیگ کے دور حکومت میں ہوئے انتخابات بھی شامل ہیں، جنہیں ملکی تاریخ کے سب سے متنازعہ انتخابات میں شمار کیا جاتا ہے۔ 21 نومبر کو نو تشکیل شدہ الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے عمل پر عوام کا اعتماد بڑھانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔