Bad news for India as Saudi Arabia imposes visa ban for…
06:47PM Sun 6 Apr, 2025

ریاض: سعودی عرب جانے والے ہندوستانیوں کے لئے بری خبر ہے۔ سعودی عرب نے اگلے حج سیزن سے پہلے 14 ممالک کے شہریوں کے عمرہ، کاروباری اور فیملی ویزوں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندیوں کی فہرست میں نہ صرف ہندوسان بلکہ کل 14 ممالک کے نام ہیں۔ پاکستانی نیوز چینل اے آر وائی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ پابندیاں جون کے وسط تک لاگو ہوں گی۔ متاثرہ ممالک میں ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجیریا، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔ حالانکہ جن کے پاس ابھی عمرہ کا ویزا ہے ، وہ 13 اپریل تک سعودی عرب میں رہ سکتے ہیں ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سعودی عرب نے ایسا کیوں کیا؟
سعودی عرب کے حکام اس کے پیچھے دو اہم وجوہات بتاتے ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ غیر مجاز لوگ حج میں شامل نہ ہوسکیں ، کیونکہ بہت سے لوگ ملٹی پل انٹری ویزے پر ملک میں آتے ہیں اور حج کے دوران غیر قانونی طور پر اس میں شامل ہوجاتے تھے اور اس کی وجہ سے بھیڑ اور سیکورٹی کے خطرات بڑھ جاتے تھے ۔ دوسری وجہ غیر قانونی ملازمت ہے۔ دراصل لوگ بزنس اور فیملی ویزوں کے ذریعہ سعودی عرب میں پہنچتے ہیں اور اجازت کے بغیر کام کرنے لگ جاتے ہیں ، جس کی وجہ سے لیبر مارکیٹ میں مسائل بڑھ جاتے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’یہ عارضی پابندی حج کے دوران سفری قوانین کو بہتر بنانے اور عازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے‘‘۔ وزارت نے اپیل کی ہے کہ جن ممالک کے لیے عارضی ویزوں پر پابندی عائد کی گئی ہے وہاں کے مسافر قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ اطلاعات کے مطابق اگر مسافر غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں قیام کرتے ہیں تو انہیں پانچ سال تک سعودی عرب میں داخلے سے روکا جا سکتا ہے۔
ویزے کا اجرا کب شروع ہوگا؟
عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عازمین کی سہولت کے لیے 16 زبانوں میں ڈیجیٹل گائیڈ جاری کی ہے۔ اس میں اردو، انگریزی، عربی اور فرانسیسی جیسی زبانیں ہیں۔ ساتھ ہی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جون کے وسط تک پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔ پابندیاں ختم ہونے کے بعد معمول کے مطابق ویزا کا عمل شروع ہو جائے گا۔