سنجے راوت کا بی جے پی پر طنز: مہنگائی کے ساتھ جنگ لڑ رہے ملک کے شہری، انہیں لاوڈ اسپیکرکی فکر

12:47PM Sat 7 May, 2022

ممبئی: شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے مہنگائی کو لے کر مرکزی حکومت پر تنقید کی ہے۔ سنجے راوت نے ہفتہ کے روز کہا کہ مہنگائی ملک کا سب سے بڑا موضوع ہے، لیکن اس پر نہ تو وزیر اعظم بات کر رہے ہیں اور نہ ہی وزیر خزانہ۔ ملک اور مہاراشٹر کے بی جے پی لیڈر بھی اس پر خاموش ہیں۔ انہیں صرف اس بات کی تشویش ہے کہ مہاراشٹر اور پنجاب کی پولیس کیا کر رہی ہے۔ شیو سینا کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ مہاراشٹر میں امن ہے، لیکن کچھ لیڈران ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن لوگوں نے انہیں منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اس سے متعلق کوئی پالیسی بننی چاہئے۔ سنجے راوت نے میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ مہاراشٹر میں لاوڈ اسپیکر کاموضوع اب ختم ہوچکا ہے۔ قانون کے مطابق کام کیا جا رہا ہے۔ لاوڈ اسپیکر کے ضمن میں پورے ملک میں ایک متفقہ حکمت عملی بنائی جانی چاہئے۔ ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاوڈ اسپیکر کے موضوع کی وجہ سے سب سے زیادہ ناراضگی ہندو طبقے کو ہے۔ ہندو سماج میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ پولیس کے خوف سے سبھی پولیٹیکل لاوڈ اسپیکر غائب ہوگئے ہیں۔ ملک میں قانون کا راج ہے اور اسی کے مطابق کام ہوچکا ہے۔
ملک کے شہری مہنگائی کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں: سنجے راوت
بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ آئے دن ڈیژل پٹرول اور ایل پی جی سلینڈر سمیت تمام ضروری چیزوں کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ باوجود اس کے بی جے پی کا ایک بھی لیڈر مہنگائی جیسے اہم اور عوامی مسائل سے متعلق موضوعات پر بات نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح لاوڈ اسپیکر کے موضوع پر بی جے پی لیڈر شور شرابہ کرکے بولتے ہیں۔ اسی طرح انہیں مہنگائی کے موضوع میں بھی عوام کے سامنے بولنا چاہئے۔ وزیر اعظم کو دوسرے ممالک کے درمیان چل رہے جنگ میں زیادہ دلچسپی ہے۔ بھکت اسی بات پر ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ تاہم ملک کے شہری مہنگائی کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں۔ آخر ان کی کیا غلطی ہے؟