شان رسول  صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی  کرنے والوں کے خلاف حکومت  سخت کارروائی کرے۔ مجلس اصلاح و تنظیم میں بھٹکل کے قاضی صاحبان کا مذمتی بیان

04:27PM Thu 16 Jun, 2022

بھٹکل : 16 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ‘‘مومن کے نزدیک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کا معاملہ اس کی جان سے زیادہ عزیز ہے وہ نبی کریم کی ذات کو اپنی جان  سے بھی زیادہ عزیز رکھتا ہے۔ مسلمان اس بات کو  کبھی برداشت نہیں کرسکتا کہ وہ اپنے نبی  کے خلاف  کسی کی زبان سے ادنیٰ سے ادنیٰ گستاخی کا بھی جملہ سنے،  یہ ایسا جذباتی مسئلہ ہے جس پر مسلمان ہمیشہ سے  جذبات میں آتے رہے  ہیں اس لیے کسی بھی تعلق سے اس موضوع پر کسی کو زبان درازی کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے تاکہ ملک میں سب سکون سے رہیں ۔’’ ان خیالات کا اظہار مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے کیا وہ مجلس اصلاح و تنظیم کے زیر اہتمام آج منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ملک کے امن و امان کی بقا ء کے لیے مذہبی شخصیات کا احترام لازمی ہے اور ان کی اہانت  کی باتیں نامناسب ہیں ۔  انہوں نے مرکزی حکومت سے کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے کام کرنے والوں کے تعلق سے حکومت اپنا موقف واضح کرے اور ان کو سخت سے سخت سزا دے اور مذہبی شخصیات کے تعلق سے ایسی کوئی حرکت ہونے پر سخت قانون بنایا جائے تاکہ  پھر کسی  کی ہمت  نہ ہو۔ چیف قاضی جماعت المسلمین  جناب مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے سوشیل میڈیا کا صحیح استعمال کرنے پر زور  دیتے ہوئے کہا کہ  ہمیں اس کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے اور اس کو صحیح طریقے پر استعمال کرنا چاہئے تاکہ اسلام کے متعلق پھیلائی جارہی  غلط فہمیوں کو اسی کے انداز میں دور کیا جاسکے  ۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر کیچڑ اچھالنے والوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کی زندگی کا کوئی شوشہ ایسا نہیں ہو سکتا جو غیر اخلاقی ہو ان کی تمام تر زندگی اخلاقیات سے بھری پڑی ہے ایک ایسا نبی  جس   نے  جانوروں تک کے ساتھ اچھے سلوک کا حکم دیا ہو وہ کیسے غلط کام کر سکتا ہے ۔ مولانا نے شان رسالت میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف  سخت کارروائی کر نے کی اپیل کرتے  ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ  ملک میں امن و امان کی فضا بحال رکھنے اور مذہبی شخصیا ت کا احترام لازمی کرنے کے لیے ایسے شرپسندوں کو سزا د ے اور عدل و انصاف کا مظاہرہ کرے۔ مولانا نے ایسی چیزوں کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ اور حساس موضوعات سے چھیڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا تعلق ایمانیات سے ہے اس سے مسلمانوں کو بہت زیادہ فرق پڑتا ہے  یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں اس کے خلاف احتجاج درج کیا جارہا ہے۔ چیف قاضی نے نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس شخصیت نے عورتوں کو عزت عطا کی آج اسی کے خلاف ایک عورت اپنی زبان گندی کر رہی تو یہ افسوس کا مقام ہے جس  کے تعلق سے  ملک کی حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا چاہئے اور ایسے شرپسندوں کو گرفتار کرتے ہوئے سخت سزا دینی چاہئے۔ اس موقع پر داکٹر حنیف شباب صاحب، جناب جیلانی شابندری صاحب، مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، مولانا عزیز الرحمٰن رکن الدین ندوی  اور  دیگر افراد موجود تھے۔ دیکھیں اس اخباری کانفرنس کی مکمل ویڈیو [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=b9mPg2IYdS0[/embedyt]