ٹیم انڈیا کو لگا بڑا جھٹکا، تیز گیند باز جسپریت بمراہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے باہر
11:41AM Thu 29 Sep, 2022

نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے پہلے بڑا جھٹکا لگا ہے ۔ ٹیم کے تجربہ کار تیز گیند باز جسپریت بمراہ چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میچ سے پہلے پریکٹس کے دوران ان کو پیٹھ میں درد کی شکایت ہوئی تھی ۔ آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر کے درمیان اس مرتبہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کھیلا جانے والا ہے ۔
بدھ کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ وہ نہیں کھیل سکے تھے ۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق اب وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ بورڈ کی طرف سے ان کی چوٹ کو لے کر بدھ کو بتایا گیا تھا کہ میڈیکل ٹیم اس پر نظر رکھے ہوئی ہے ۔ ایک دن بعد ہی ان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کی خبر سامنے آرہی ہے ۔
بمراہ نے آسٹریلیا کے خلاف واپسی کی تھی، لیکن انہیں پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا تھا ۔ وہ دوسرے اور تیسرے میچ میں کھیلنے اترے تھے، لیکن ان کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی تھی ۔ صرف دو میچ کھیلنے کے بعد اب وہ ایک مرتبہ پھر فٹنس کے ساتھ جدوجہد کرتے نظر آ رہے ہیں۔
بتادیں کہ انگلینڈ دورے پر کھیلی گئی سیریز کے دوران ان کو چوٹ لگ گئی تھی ۔ اس کے بعد سے وہ ریہیب میں تھے اور ایشیا کپ میں بھی نہیں کھیلے تھے ۔ اسی مہینے آسٹریلیا کے ساتھ کھیلی گئی گھریلو ٹی ٹوینٹی سیریز میں انہوں نے چوٹ سے واپسی کی تھی ۔ اس سیریز میں وہ صرف دو مقابلے ہی کھیل پائے تھے۔