شراوتی کونسل کی طرف سے کویڈ وارئیرس کی تہنیت: مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران کی بھی شال پوشی

01:35PM Tue 29 Sep, 2020

ہوناور: 29 ستمبر، 20  (شبیر داولجی/بھٹکلیس نیوز) کورونا مہاماری کے دوران شراوتی بیلٹ پر انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے کورونا وارئیرس کی تہنیت کرنے شراوتی کونسل کی جانب سے ہوناور کے شیو ساگر ہوٹل میں اتوار کے روز ایک نشست رکھی گئی تھی جس میں مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران سمیت بھٹکل کے ڈاکٹر سمیع اللہ، کینرا مسلم خلیج کونسل کے نائب صدر دوم خواجہ ابکار، ہوناور کے نائب تحصیلدار  ستیش گوڈا، سرکل پولس انسپکٹر وسنت اچاریہ اور پی ایس آئی ستیش کمار کی بھی تہنیت کی گئی۔ اس موقع پر شراوتی کونسل کے نائب سکریٹری جناب مظفر یوسف نے مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے لاک ڈاؤن میں انجام دی گئی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے صرف بھٹکل ہی نہیں بلکہ شراوتی بیلٹ پر موجود اپنے تمام بھائیوں کا خیال رکھا ہے اور ان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے عتیق الرحمٰن منیری صاحب کی طرف سے دبئی میں پھنسے افراد کے لیے چارٹرڈ طیارے کا انتظام کرنے پر بھی ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور جناب عنایت اللہ شابندری صاحب کی طرف سے شراوتی بیلٹ کے لوگوں کی خصوصی فکر کرنے پر ان کی بھی سراہنا کی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری افسران کی طرف سے دیے گئے تعاون کا بھی تذکرہ کیا۔ موصوف مظفر صاحب نے اس موقع پر  کینرا مسلم خلیج کونسل،  اُترکنڑا مسلم یونائیٹیڈ فورم  (ہوناور) اور  ولکی کے  خلیل شیخ صاحب کی طرف سے بھی  شراوتی بیلٹ کے عوام کے لیے کی گئی ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ پروگرام کا آغاز  یونس ادریس ابکار کی تلاوت سے ہوا، معاویہ مظفر نے نعت پیش کی، حافظ شعیب شبیر نے شراوتی کونسل کا ترانہ پیش کیا۔۔ شراوتی کونسل کے رکن سمیر سلیمان نے مہمانان سمیت  شرکاء کا استقبال کیا جبکہ مولانا سراج احمد ندوی اور سُریش ویدیا نے پروگرام کی نظامت کی۔