All India Muslim Personal Law Board Delegation Meets JPC Chairman to Discuss Waqf Amendment Bill 2024

09:01PM Fri 23 Aug, 2024

نئی دہلی: 23؍ اگست2024 (پریس ریلیز) آج جے پی سی چیئرمین شری جگدمبیکا پال کی دعوت پر آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور تفصیل سے وقف ترمیمی بل پر اپنے اعتراضات اور اشکالات سے انہیں واقف کرایا۔ وفد کی قیادت مولانا محمدفضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے  کی۔

وفد نے تفصیل سے ایک ایک ترمیم پر اپنے اعتراضات درج کروائے۔ وفد نے کہا کہ بل میں نہ صرف وقف بورڈکے اختیارات کو کم کیا گیا ہے بلکہ تمام اہم فیصلوں کا اختیار کلکٹر کے حوالے کردیا گیاہے۔ وقف بائی یوزر کی شق کو سرے سے نکال کر مساجد، قبرستان اور درگاہوں پر قبضوں کی راہ کو آسان کردیا  گیا ہے۔
سینٹرل وقف کونسل اور وقف بورڈوں میں غیر مسلموں کی نمائندگی کو لازماً کرکے جانب داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے جب کہ ہندوؤں کے مٹھوں، مندروں، دیگر اوقاف اور سکھوں کے گرودوراہ پربندھک میں کسی دوسرے مذہبی نمائندوں کی ہرگز بھی گنجائش نہیں ہے۔ اگر وقف املاک کا تنازعہ حکومت سے ہی ہو تو اس کے فیصلہ کا حق بھی کلکٹر کو دے دیا گیاہے۔ پھر واقف کے لئے 5سال تک باعمل مسلمان ہونے کی مضحکہ خیز شرط لگادی جب کہ شریعت اس طرح کی کوئی شرط نہیں لگاتی ہے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت اگر واقعی اوقاف کی اور مسلمانوں کی بھلائی چاہتی ہے تو وہ فی الفور اس متنازعہ ترمیمی بل کو واپس لے۔
کمیٹی کے چیئرمین نے سنجیدگی سے تمام باتوں کو سنا اور کہا کہ ہم بورڈ اور دیگر ملی تنظیموں کو جے پی سی میں تفصیل سے اپنا مؤقف رکھنے کا پورا پورا موقع دیں گے۔
اس وفد  میں بورڈ کی جانب سے لیگل کمیٹی کے دو معزز رکن بورڈ سینئر ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد، ایڈوکیٹ فضیل احمد ایوبی، دیگر ارکان بورڈ میں سابق مرکزی وزیر جناب کے رحمٰن خان، مولانا ابوطالب رحمانی، مولانامطیع الرحمٰن مدنی اور آفس سکریٹری ڈاکٹر محمد وقار الدین لطیفی کے علاوہ ایم ایل سی بہار جناب ڈاکٹر خالد انور بھی شامل تھے۔