ریاست میں نافذ ہونے والے کرفیو کے پیش نظر قاضی صاحبا ن نے جاری کی اہم ہدایات: حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نماز ادا کرنے کی تاکید

11:40AM Wed 21 Apr, 2021

بھٹکل: 21 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد بڑھ رہے معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاست میں آج رات سے 4 مئی تک کے لیے  نائٹ کرفیو اور ویک اینڈ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اس دوران مساجد میں نماز ادا کرنے اور تروایح وغیرہ کی ادائیگی کے تعلق سے غور کرنے کے لیے آج مجلس اصلاح وتنظیم میں شہر کے ذمہ داران اور قاضی صاحبان و علماء پر مشتمل ایک نشست منعقد ہوئی جس میں موجودہ صورتحال پر غور کرتے ہوئے چند باتیں منظور کی گئیں۔ اس نشست کے بعد جماعت المسلمین بھٹکل  کےقاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین  کےقاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی  نے مشترکہ طور پر اخباری نمائندوں سے اس نشست  کے بارے میں بات کرتے ہوئے معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے تراویح کے تعلق سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عشاء کی اذان کے پانچ منٹ بعد عشاء کی نماز کھڑی کی جائے اور سنت نماز کے بعد فوری تراویح ادا کی جائے اور  9 بجے سے پہلے اس کو ختم کرکے سب لوگ اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں۔ قاضی صاحبان نے ساٹھ سال سے زیادہ عمر والے افراداور دس سال سے چھوٹی عمر کے بچوں کو مسجد  اور مکاتب میں نہ آنے کی تاکید کی ہے اور مساجد میں سوشیل ڈسٹنسنگ اور ماسک وغیرہ کی پابندی کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس موقع پر قاضی صاحبان نے دعاؤں کا معمول رکھنے اور حالات سے نہ گھبرانے کی بات کرتے ہوئےوتر اور فجر کی نماز میں قنوت نازلہ کا اہتمام کرنے کی بات کہی ہے۔