بھٹکل: لاک ڈاؤن کے احکامات نافذ: دس بجے کے  بعدبند ہوئی عوامی  چہل پہل۔ بینگلور سے بھٹکل  آنے والوں کو  گھر میں ایک ہفتے کا کورنٹائن لازمی

10:25AM Wed 28 Apr, 2021

بھٹکل: 28 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا وبا کے چلتے لاگو 14 روزہ لاک ڈاؤن کا آج پہلا دن ہے جسکے بعد صبح 10 بجے کے بعد سے دکانیں اور لوگوں کی چہل پہل بند ہوکر رہ گئی ہے اور لوگ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔ بھٹکل میں آج صبح چھ بجے سے دس بجے تک ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں۔ جہاں لوگ ضروری اشیاء خریدتے ہوئے دکھائی دیے جس کے بعد پھر ایک بار سڑکیں اور بازار سنسان ہوگئے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری چہل پہل کو روکنے کے لیے بھٹکل تعلقہ میں کل دس چیک پوائنٹ بنائے گئے ہیں جن میں سے پانچ مرڈیشور سے بھٹکل آنے کی شاہراہ کے درمیان میں ہیں اور پانچ بھٹکل میں ہیں۔ اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر  ممتا دیوی نے بینگلور اور دیگر دور دراز شہروں  سے بھٹکل آنے والوں کو اپنے گھروں میں ایک ہفتے تک کورنٹائن ہونے کی تاکید کی ہے تاکہ اگر وہ کورونا سے متاثر ہیں تو پھر ان سے دوسروں کو انفیکشن نہ ہوسکے۔