شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا : بھٹکل میں قاضی صاحبان نے کیا اعلان

02:15PM Tue 21 Feb, 2023

بھٹکل: 21  فروری،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو)   بھٹکل میں محترم قاضی صاحبان کی اطلاع کے مطابق شعبان المعظم کا چاند نظر آچکا ہےاور کل بروز بدھ 22 فروری،2023 سے   اس مہینے کا آغاز ہوگا۔ ہندوستان بھر میں دیکھا گیا شعبان کا چاند: ہندوستان میں ماہ شعبان کا چاند نظر آگیا ہے ۔ مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے ۔ امارت شرعیہ ہند رویت ہلال کمیٹی نئی دہلی نے بھی چاند آنے کی تصدیق کی ہے ۔ رویت ہلال کمیٹی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق شب برات سات مارچ 2023 کو ہوگی ۔ رویت ہلال کمیٹی کی پریس ریلیز کے مطابق منگل کو بعد نماز مغرب کمیٹی کی میٹنگ مولانا قاری حماد الاعظمی کی صدارت میں امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادرشاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی ۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا ۔ دہلی میں رویت عامہ ہوئی اور ملک کے بیشتر مقامات سے بھی رویت عامہ کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ اس لئے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعا ثابت ہوگئی ہے ۔ کل بتاریخ 22 فروری 2023 بروز بدھ ماہ شعبان المعظم کی پہلی تاریخ ہوگی ۔ نیز شب برات سات مارچ 2023 کو ہوگی ۔
خیال رہے کہ پڑوسی ملک پاکستان میں بھی شعبان کا چاند نظر آگیا ہے ۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وہاں کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں شعبان کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں اور کل  22 فروری کو یکم شعبان ہوگی ۔
اللہ تعالیٰ اس مہینے میں ہمارے لیے برکت نصیب فرمائے اور خیر و عافیت کے ساتھ ہمیں رمضان المبارک میں پہنچائے۔ آمین