میونسپال کونسلرپاسکل گومس نے میونسپال صدر پر لگایا گھپلوں کا الزام ۔ سی بی آئی کے ذریعے جانچ کرنے کی ڈی سی سے کی اپیل
01:02PM Thu 3 Mar, 2022

بھٹکل: 3 مارچ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میونسپال کونسلر پاسکل گومس نے بھٹکل میونسپال حدود میں جاری ترقیاتی کاموں میں صدر میونسپال کے ذریعے گھپلہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے آج ایک نجی ہوٹل میں منعقد اخباری کانفرنس میں میونسپال صدر پر الزام لگایا کہ بھٹکل میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں میں انہوں نے بہت سارے گھپلے کیے ہیں جس میں سے ایک اہم گھپلہ اربن بینک کے قریب تعمیر ہونے والے پارک میں کیا گیا ہے جس میں دس لاکھ کا خرچ آنے کی بات درج کی گئی ہے لیکن اس میں اتنا خرچ نہیں ہوا ہے ۔ پاسکل گومس نے کہا کہ اس وقت پارک کے پاس پانچ لاکھ کا خرچ آنے کا ایک بورڈ بھی لگایا گیا ہے جو کہ سراسر جھوٹ ہے۔
اس کے علاوہ پاسکل گومس نے میونسپال صدر پر اپنے ذاتی کامپلیکس میں کرایہ کی دکانوں کا ٹیکس ادا نہ کرنے اور اسٹریٹ لائٹ لگانے میں بھی بدعنوانی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر میونسپال چائنا کی اسٹریٹ لائٹ لارہے ہیں جو کہ برانڈیڈ بھی نہیں ہیں لیکن اس پر سرکار کو چکمہ دیتے ہوئے برانڈیڈ لائٹوں کا ہی خرچ دکھا کر اس پر بھی کمیشن لے رہے ہیں۔
انہوں نے ساگر روڈ پر واقع ڈمپنگ یارڈ کےسولڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم میں بھی گھپلوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہاں اب تک کروڑوں روپئے خرچ ہونے کی بات کہی جارہی ہے لیکن اگر وہاں جاکر دیکھا جائے تو کچروں کے علاوہ کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی ہے اور یہ بھی معلوم نہیں پڑتا ہے کہ وہاں کس طرح کا اور کیا کام ہوا ہے ۔
کونسلر پاسکل گومس نے ان پر عیسائی کمیونٹی کو ٹارگیٹ کرنے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ وہ دوسرے اسکولوں کی فکر نہیں کرتے ہیں بلکہ صرف عیسائی کمیونٹی کے اسکول سے ٹیکس وصول کرتے ہیں جو کہ سراسر جانبداری ہے۔
انہوں نے صدر میونسپال پر چیف افسر کو بھی اپنے ماتحت کرکےزبردستی کام کروانے کا الزام لگایا اور ڈی سی سے اپیل کی کہ وہ سی بی آئی کے ذریعے ان گھپلوں کی جانچ کرائیں اور صدر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
