پون کھیڑا کو ملی بڑی راحت، سپریم کورٹ نے گرفتاری پر لگائی عبوری روک

11:41AM Thu 23 Feb, 2023

نئی دہلی : کانگریس لیڈر پون کھیڑا کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ نے ان کی گرفتاری پر عبوری روک لگا دی ہے اور سبھی ایف آئی آر کو یکجا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملہ کی اگلی سماعت پیر کو مقرر کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ دہلی کی نچلی عدالت شام تک کھیڑا کو عبوری ضمانت دے گی، جس کے بعد اس معاملہ کی پیر کو دوبارہ سماعت ہوگی۔ دراصل سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منوسنگھوی نے سپریم کورٹ سے پون کھیڑا کی گرفتاری پر روک لگانے اور کئی ریاستوں میں درج مقدمات کو ایک ساتھ جوڑ کر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ سنگھوی کے اس مطالبہ پر تبصرہ کرتے ہوئے سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا کہ 'ٹھیک ہے، ہم سبھی ایف آئی آر ایک جگہ کردیتے ہیں'۔
ابھیشیک منو سنگھوی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ پون کھیڑا کے خلاف لکھنؤ، بنارس اور آسام میں کیس درج کئے گئے ہیں۔ آج دہلی پولیس نے پون کھیڑا کو دہلی ہوائی اڈے پر رائے پور جانے نہیں دیا اور پھر آسام پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ اس دوران سنگھوی نے کہا کہ 'یہ پورا معاملہ دراصل کنفیوژن کا تھا کہ اصل نام دامودر داس تھا یا کچھ اور... میں خود ٹی وی پر بیٹھتا ہوں، میں مانتا ہوں کہ ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا'۔
وہیں آسام حکومت کی جانب سے پیش ہوئے اے ایس جی ایشوریہ بھاٹی نے کہا کہ 'ویڈیو دیکھئے، کیا بیان جان بوجھ کر نہیں دیا گیا'۔ اس کے بعد سی جے آئی نے پون کھیڑا کا ویڈیو دیکھا۔ اس دوران اے ایس جی نے دلیل دی کہ 'پی سی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس طرح ہنس رہے ہیں، یہ ملک کے وزیر اعظم کو لے کر کہا جا رہا تھا'۔
حالانکہ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے پون کھیڑا کو عبوری راحت دیتے ہوئے یوپی اور آسام حکومتوں کو نوٹس جاری کیا کہ سبھی ایف آئی آر کو ایک ساتھ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں پیر کو الگ سے سماعت مقرر کی ہے۔ ایسے میں دہلی کی نچلی عدالت آج شام تک عبوری ضمانت دے گی اور پھر پیر کو سماعت ہوگی۔