بھٹکل کے نیو شمس اسکول میں تعلقہ سطح   کے سائنسی مقابلوں کا انعقاد: شہر بھر کے طلبہ کی شرکت

02:20PM Sun 13 Nov, 2022

بھٹکل: 13 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول بھٹکل میں  تعلقہ سطح کے دو روزہ سائنسی مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں شہر بھر کے ہائی اسکولوں  کے طلبہ کی ٹیموں نے  شرکت کی ۔ اس کا افتتاحی اجلاس سنیچر کی صبح منعقد ہوا تھا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالعزیز (ایسوسی ایٹ پروفیسر) نے شرکت کی جبکہ ڈائس پر اسکول سکریٹری انعم اعلیٰ  ، اسکول پرنسپال جناب لیاقت علی ، انجمن پی کالج کے لکچرر ونود کٹلے ، جناب غسان چا منڈی اور دیگر حضرات موجود رہے ۔ ان مقابلوں کی اختتامی تقریب آج اتوار صبح قریب 12:00 بجے منعقد کی گئی تھی جس میں انجمن انجنئرنگ کالج کے پرنسپال نے شر کت کرتے ہوئے طلبہ سے اظہار خیال کیا اور سائنس میں دلچسپی لینے کی بات کہی۔ جبکہ پرنسپال نے شکریہ کلمات ادا کیے ۔اس تقریب میں اسکول کے ذمہ دار مولانا ضیاء الرحمٰن رکن الدین ندوی، جناب ضیاء لنکا ڈائس پر موجود رہے ۔ پہلے دن نظامت کے فرائض اسکول کے دینیات استاذ مولوی عبداللہ ربیع خلیفہ ندوی نے انجام دیے جبکہ دوسرے دن کے اختتامی اجلاس کی نظامت اسکول کے سائنس کے استاذ مسٹر منجوناتھ نے کی۔ استقبالیہ کلمات کنڑا استاذ جناب رضا مانوی صاحب نے ادا کیے۔ واضح رہے کہ ان دو دنوں میں انٹر اسکول اور انٹرا اسکول کے سائنسی موڈل کے مقابلے منعقد کیے گئے تھے جس میں انٹر اسکول مقابلوں میں ودھیا نجلی پبلک  اسکول کے طلبہ  اومکار اپادھیائے اور شیشر نائک نے پہلا مقام، اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے طلبہ قاسم خان  اور فضیل نے دوسرا مقام  اور ودھیا بھارتی انگلش میڈیم اسکول کے  طلبہ  شریشا جی کے اور  پدما پرساد جین نے تیسر ا مقام حاصل کیا ۔ان تمام کو ٹرافی،اسناد اور نقد انعام سے نوازا گیا ۔ اسی طرح انٹرا اسکول مقابلوں میں  مسیرا اور ندیشا نے پہلا مقام حاصل کیا ، عبداللہ رکن الدین اور راکن قاسمجی نے دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ  رقیہ الفا اور لہیفہ اقرا ء نے تیسرا مقام حاصل کیا ۔ اس مقابلے میں طلبہ نے موجودہ دور میں کام آنے والے کئی ایک بہترین سائنسی  نمونے پیش کیے تھے جن کو سرپرستوں اور ناظرین نے خوب پسند کیا۔