بیندور اور کاروار میں بہت جلد تعمیر ہونگے ہوائی اڈے: وزیر جگدیش شٹر کا بیان

04:42PM Sun 21 Mar, 2021

مینگلورو: 21 مارچ، 2021 (ذرائع)  درمیانی اور بڑی صنعتوں کے  ریاستی وزیر جگدیش شٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت  کی اڈان اسکیم کے تحت  ریاست میں ہوائی اڈے تعمیر کرنے   کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اس کے تحت  ریاست کے بیندور اور  کاروار میں  بہت جلد ہوائی اڈوں کی تعمیر کا کام شروع ہوگا جس کے لیے زمین کی حصولیابی کا کام بھی شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے آج مینگلور میں ریاست کے ساحلی پٹی  کے صنعت کاروں کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  مرکزی حکومت کی اڈان اسکیم کے تحت ہبلی اور بیلگاوی کے ہوائی اڈوں کو ترقی دی گئی ہے  جس کے بعد ان ہوائی اڈوں پر اب روزانہ 15 سے 20 پروازیں اڈان بھرتی اور اترتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہوائی اڈوں کی تعمیر کے بعد صنعتوں اور تجارت کے بھی دروازے کھلیں گے جس سے ریاست کی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔