بھٹکل میں  تنظیم کی طرف سے گستاخِ رسولؐ نوپور شرما اور  نوین جندال کی گرفتاری کا مطالبہ: صدر ہند کے نام دیا گیا میمورنڈم۔ مختلف اداروں کے ذمہ دار رہے موجود

02:37PM Sat 18 Jun, 2022

بھٹکل: 18 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک میں گزشتہ دنوں نوپور شرما اور نوین جندال کی طرف سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کی گئی گستاخی کے خلاف آج بھٹکل میں  مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر کے توسط صدر ہند کو میمورنڈم سونپا گیا   جس میں ان دونوں کی جلد از جلد گرفتاری کی مانگ کی گئی  اور نہ ہونے کی صورت میں ضلعی سطح پر احتجاج  کرنے کی بات بھی کہی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حنیف شباب صاحب   نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ایک ادنیٰ مسلمان بھی برداشت نہیں کرسکتا یہ اس کے جذبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہے اس لیے اس  پر پورا شہر غصہ میں ہے لیکن کسی بھی  قسم کی  افراتفری سے بچنے کے لیے  یہاں صرف مقامی ذمہ داران کی شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے  ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ یہی ہے کہ ان دونوں کو گرفتار کیا جائے اور سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ موصوف نے اس موقع پر کارروائی نہ ہونے کی صورت میں افسران کو آگاہ کیا کہ اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتا ہے تو پھر آئندہ دنوں  میں  بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اس موقع پر تنظیم کے سابق سکریٹری  جناب یحیٰ دامودی نے انگریزی میں میمورنڈم کا مواد پیش کیا تو سابق صدر تنظیم جناب مزمل قاضیا نے کنڑا میں تنظیم کا مطالبہ سامنے رکھا ۔ تنظیم نائب صدر محتشم  محمد جعفر نے  اس  اجلاس  کی قیادت کی۔ اس موقع پر  جماعت المسلمین کے چیف  قاضی مولانا عبدالرب خطیبی ندوی، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف  قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی،    تنظیم سکریٹری  جناب جیلانی شاہ بندری، جامعہ اسلامیہ کے صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی،   پرنسپل مولانا مقبول کوبٹے ندوی،  جماعت المسلمین  بھٹکل سکریٹری  مولوی طلحہ رکن الدین ندوی، مولوی الیاس جاکٹی ندوی، مولانا انصار خطیب مدنی،  انجمن حامئی مسلمین کے جنرل سکریٹری  جناب صدیق اسماعیل،  انجمن کے  نائب صدر  جناب محمد صادق پلور، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا  عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جنرل سکریٹری  جناب عمیر  رکن الدین، ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر جناب  محمد توفیق بیری، ویلفئر پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری جناب  فیصل شیخ سمیت دیگر علماء کرام اور میونسپال  کونسلر، پنچایت ممبر وغیرہ موجود تھے۔