کرناٹک اسمبلی انتخاب: ’کانگریس امیدواروں کی نامزدگی خارج کرنے کی سازش کر رہی بی جے پی‘، شیوکمار کا الزام
02:01PM Sat 22 Apr, 2023
کرناٹک کانگریس صدر ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کے روز بی جے پی، وزیر اعلیٰ دفتر اور بی جے پی قانونی سیل پر کانگریس امیدواروں کی نامزدگی کا پرچہ خارج کرنے کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ شیوکمار نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نامزدگی کے پرچہ کو سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کنک پورہ میں ایک قانونی ٹیم تعینات ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں ڈاؤن لوڈ کیوں؟ اس کا مطلب ہے کہ ان کا مقصد میری نامزدگی کو خارج کرنا ہے۔
شیوکمار نے الزام لگایا کہ بی جے پی، وزیر اعلیٰ دفتر اور قانونی سیل نے سازش تیار کی ہے۔ کانگریس امیدواروں کا نامزدگی پرچہ ڈاؤن لوڈ کیے گئے ہیں۔ انتخابی کمیشن کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔ ساودَتی انتخابی حلقہ میں بی جے پی امیدوار سمیت کئی دیگر بی جے پی امیدواروں کے پرچۂ نامزدگی میں مسئلہ ہے۔ لیکن کچھ بھی نہیں کیا گیا۔
شیوکمار نے کہا کہ انھوں نے میری نامزدگی کو نامنظور کرنے کی کوشش کی۔ اگر وہ میرے ساتھ ایسا کر سکتے ہیں تو عام امیدواروں کا کیا ہوگا؟ انتخابی کمیشن کو کسی اثر میں نہیں آنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ دفتر پرچہ نامزدگی ڈاؤن لوڈ کر رہا ہے۔ میں سیدھا الزام لگا رہا ہوں، برائے کرم معاملے کی جانچ کریں۔
شیوکمار نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و کسان فلاح کرندلاجے اپنی پارٹی کے دیگر لیڈروں سے ہاتھ ملا کر سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کو سیاسی طور سے نمٹانے کی سازش رچ رہی ہیں۔ میں اس بات کا انکشاف کر سکتا ہوں کہ وہ یدی یورپا کو ختم کرنے کا منصوبہ کیسے بنا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں شیوکمار نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا لنگایت ووٹ بینک اب بھگوا پارٹی کے پاس نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ لنگایت ووٹ بینک کا باندھ ٹوٹ گیا ہے، یہ کانگریس کی طرف بہہ رہا ہے۔