بھٹکل میں تیر ہبا مذہبی جوش و خروش کے ساتھ پر امن طور پر منایا گیا

04:41PM Sun 10 Apr, 2022

بھٹکل : 10 اپریل،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  چنّا پٹنا ہنومانت مندر کا رتھ (تیر) برادران وطن کی کثیر تعداد میں آج دھوم دھام  کے ساتھ روایتی انداز میں پر امن طور پر منایا گیا۔ اس کے لئے آج صبح سے ہی مندر میں خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا تھا ، جسے دیکھنے  اور پوجا کرنے کے لئے ہزاروں بھکت صبح سے عصر تک یہاں آرہے تھے ۔بھٹکل میں ہندو مسلم یکجھتی کی ایک تاریخ رکھنے والے اس تیر کو کھینچنے کے لئے  حسب معمول آج بھی مندر کمیٹی کے صدر شری دھر موگیر  کی قیادت میں ہندوبھائیوں کا  ایک وفد سلطان اسٹریٹ میں واقع چرکن (شابندری) کے مکان پہنچا جہاں جناب انصار صاحب شابندری نے اس کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 200/سال کی تاریخ  رکھنے والا یہ تہوار ہندو مسلم بھائی چارگی کی ایک اہم مثال ہے ۔انہوں اسی ہندو مسلم میل جول کو ہندوستان کی اقدار قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اس ملک میں نفرت کی فضا کو پھیلنے نہ دیں اور امن و شانتی سے مل جل کر رہیں۔ اس موقع پر عنایت اللہ شابندری صاحب ، جیلانی شابندری صاحب اور دیگر موجود تھے۔ تیر ہنومنت مندر سے نکل کر مین روڈسے ہوتے ہوئے واپس اپنی جگہ پر پہنچ کر اختتام  کو پہنچا ۔اس موقع پر پولس افسران اور  آس پاس کے علاقوں کے پولس اہلکار سمیت لوکل پولس  اہلکار بھی حفاظتی انتظامات کے تحت پہرہ دے رہے تھے ۔