نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کرلی شادی، برمنگھم میں منعقد ہوئی شادی تقریب
11:20AM Wed 10 Nov, 2021

برمنگھم: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی (Nobel Peace Prize laureate Malala Yousafzai) شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ منگل کو انہوں نے برطانیہ میں عصیر ملک (Asser Malik) نام کے شخص سے شادی کی۔ اس بات کی جانکاری ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ پروگرام کا انعقاد برمنگھم واقع رہائش گاہ پر کیا گیا۔ انہوں نے لوگوں سے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔ خواتین کی تعلیم کے لئے مہم چلانے والی ملالہ یوسف زئی کو پاکستان میں سال 2012 میں حملہ آوروں نے گولی مار دی تھی۔
ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹ کیا، ’آج کا دن میری زندگی کے لئے انمول ہے۔ عصیر اور میں زندگی بھر کے لئے ساتھی بننے کے لئے شادی کے بندھن میں بندھ گئے‘۔ انہوں نے ٹوئٹر پر شادی تقریب کی کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ حالانکہ، نوبل انعام یافتہ ملالہ نے اپنے شوہر کے بارے میں کوئی زیادہ جانکاری نہیں دی ہے۔ حالانکہ انٹرنیٹ صارفین نے ان کی پہچان عصیر ملک کے طور پر کی ہے۔
عصیر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے جنرل منیجر ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کو دنیا کے کئی حصوں اور خاص طور پر مغربی ممالک میں خواتین کے حق کے لئے کام کرنے اور بے خوف ہونے کے لئے اعزاز ملا ہے۔ حالانکہ پاکستان میں ان کے کام پر لوگوں کا ردعمل ملا جلا رہا ہے۔
تین ماہ پہلے ہی شادی پر اٹھائے تھے سوال
اس سال جولائی میں ایک میگزین کو دیئے انٹرویو میں ملالہ یوسف زئی نے شادی نظام پر سوال اٹھا دیئے تھے۔ برطانوی رسالہ ووگ میگزین سے بات چیت میں انہوں نے کہا تھا، ’مجھے ابھی بھی سمجھ نہیں آتا کہ کیوں لوگوں کا شادی کرنا ضروری ہے۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کوئی شخص چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی ضرورت کیا ہے۔ یہ صرف شراکت داری کیوں نہیں ہوسکتی‘؟ ان کے اس بیان کی پاکستان میں کافی تنقید کی گئی تھی۔