A delegation of humanitarian welfare Society visited Ankola from Bhatkal for

09:36PM Tue 23 Jul, 2024

 

بھٹکل : 23 جولائی ،2024 (راست) مورخہ 22/جولائی 2024 HRS ہیومیٹرین ویلفیئر سوسائٹی اتر کینرا کی جانب سے برادر انعم اعلی ایم۔ٹی، فرحان عجائب، بلال گنگاولی اور قمرالدین مشائخ پر مشتمل ایک وفد انکولہ پہنچا جہاں   15/جولائی 2024  کو شیرور علاقہ میں پہاڑی مٹی کھسکنے بڑا حادثہ پیش آیا تھا ۔

وفد کے مطابق وہاں گوکرن روڈ کراس تک سواریاں جاسکتی تھی جہاں پر ایک ہفتہ ہوئے ملک بھر کی مختلف ریاستوں سے سینکڑوں لاریاں رکی ہوئی ہیں۔ ہفتے بھر سے رکے ہوئے لاری ڈرائیوروں نے HRS کی ٹیم  کے سامنے اپنی مشکلات بیان کیں اور کہا کہ یہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

وفد کی کوشش رہی کہ متعلقہ جگہ جہاں کیرلا کا لاری ڈرائیور ارجن و دیگر لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں جائزہ لیا جائے۔  مگر پولس افسران نے وفد کو احتیاطی  طور پر وہاں جانے کی اجازت نہیں دی۔

اس کے ساتھ اس وفد نے اس مقام سے متصل علاقہ گنگاولی ندی کے کنارے ولوارے( Ulware)  کا بھی جائزہ لیا جہاں بیالیس خاندان آباد ہیں وینائک ہنمنت گوڑا, گنپتی ہنمنت گوڑا کے علاوہ تین گھر مکمل طور پر برباد ہو چکے ہیں۔ اسی علاقہ کا ایک اور رہائشی تیس سالہ نوجوان منجوناتھ ہنمنت گوڑا کا نہ صرف پورا مکان پانی میں بہہ گیا ہے بلکہ اس  کی پچپن سالہ ماں شانو ہنمنت گوڑا کا بھی ابھی تک کچھ پتا نہیں ہے ۔ منجوناتھ ہنمنت گوڑا کے بقول صبح کے تقریباً ساڑھے آٹھ ( 8:30) بجے وہ گھر کی ضروری اشیاء لینے کے لئے قریب ہی بازار گیا ہوا تھا کہ کچھ ہی منٹوں میں واپسی پر نہ صرف میرا گھر غائب تھا بلکہ دور دور تک اس کی  ماں کا بھی  پتا نہیں تھا۔

اس علاقہ کے 42 خاندانوں کے 178/ افراد (مرد 82، خواتین72 اور بچے 24) شامل ہیں وہاں کے ایک پرائمری اسکول میں پناہ گزیں ہیں جہاں انہیں رہنے اور نہانے کا بڑا مسئلہ درپیش ہے۔ ایچ، آر،ایس کے وفد نے اسکول کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود آشا ورکر، ٹیچرس ڈاکٹر اور پنچایت ممبر کرشنا گوڑا سے ملاقات کرکے حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمٹہ گورنمنٹ اسپتال پہنچا جہاں پر حادثہ سے متاثر زیر علاج 14/ افراد میں سے ایک ڈسچارج ہوا ہے۔ متاثرین کو  بار بار یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ہمارے گھر پوری طرح زمیں بوس ہو چکے ہیں تو پھر  ہم اسپتال سے ڈسچارج ہوکر جائیں تو کہاں جائیں؟ علاقہ کے بہت سارے متاثرین فوری انسانی ہمدردی اور بھرپور امداد کے بے حد مستحق ہیں۔

 

(رپورٹ: ایم،کیو بھٹکلی)