مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب
04:36PM Sat 3 Jun, 2023

اندور: 3 جون،2023 (ذرائع) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو اپنا نیا صدر مل گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں دو روزہ اجلاس کے بعد مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا نیا صدر بنایا گیا۔
بتادیں کہ اس سے قبل مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ بورڈ کے صدر تھے، جن کا طویل علالت کے بعد 13 اپریل 2023 کو انتقال ہوگیا تھا۔ اس کے بعد سے بورڈ کے صدر کی کرسی خالی تھی۔ اب آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو نیا صدر منتخب کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بورڈ کی صدارت کے لئے حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی بروقت تائید مولانا شاہد حسنی ، مولانا سید محمود مدنی نے فرمائی۔ اس کے بعد اتفاق رائے سے تمام عاملہ کے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔ اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نظام الدین فخرالدین پونہ، ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹر ضی الاسلام ندوی، مولانا شاہد حسنی، مولانا سجاد نعمانی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمود احمد خاں دریابادی، عمرین محفوظ رحمانی، مولانا نعیم رحمانی سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سے قبل بورڈ کے جنرل سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں اپریل 2021 میں سابق جنرل سیکرٹری مولانا ولی رحمانی کی وفات کے بعد قائم مقام جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد نومبر 2021 میں ہی کانپور کے جلسہ عام میں انہیں مستقل جنرل سکریٹری بنایا گیا۔
بورڈ میں منتخب عہدیداران کے نام
صدر: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
جنرل سیکرٹری : مولانا فضل الرحیم مجددی
سیکریٹریز: مولانا عمرین محفوظ رحمانی, مولانا سید بلال حسینی, مولانا یسین علی, عثمانی , مولانا احمد فیصل رحمانی
ترجمان: ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس
معاون ترجمان: کمال فاروقی