بھٹکل میں آج پانچ دنوں کے بعد ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے ملی چار گھنٹوں کی ڈھیل

03:03PM Mon 31 May, 2021

بھٹکل: 31 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) حسب اعلان آج بھٹکل سمیت اترکینرا میں صبح 8 بجے سے 12 بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ دی گئی تھی جس کے دوران عوام کی ایک بڑی تعداد نے کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مختلف مقامات سے خریداری کی۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتا دیوی صاحبہ خود بھٹکل مارکیٹ کا پیدل چکر لگا کر حالات پر نظر رکھے ہوئے تھیں۔  اسی طرح  بھیڑ بھاڑ سے بچنے کے لیے قومی شاہراہ سے متصل لگنے والے تمام باکڑوں کو بھٹکل سنڈے مارکیٹ کی جگہ پر منتقل کیا گیا ہے جہاں لوگ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے خریداری کرتے دکھائی دیے۔ اس دوران بھٹکل میں کنٹینمنٹ زون کو چھوڑ کر تمام راستوں پر گاڑیوں کو بھی اجازت دی گئی تھی جس سے عوام کو مال برداری میں کافی راحت ہوئی۔اسی طرح سوپر مارکیٹ میں بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ عوام کو سامان خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ  ڈپٹی کمشنر کی ایماء پر اتر کینرا میں پیر سے جمعرات تک چار دن صبح آٹھ بجے سے 12 بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ دی گئی ہے جبکہ جمعہ سے اتوار تک تین مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔