مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی سیرت مہم کے تحت آٹو رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ خصوصی پروگرام
04:42AM Tue 18 Oct, 2022
بھٹکل: 18 اکتوبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے زیر اہتمام منائی جارہی سیرت مہم تحت بلال شادی ہال میں گذشتہ روز ‘خدمت انسانیت وقار کے ساتھ’ کے موضوع پر آٹو رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں رکشہ ڈرائیوروں کی ایک اچھی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی ایک انسانی خدمت ہے اور حلال روزی کا کمانا بہت بڑی نیکی کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان اپنا کام کرتے ہوئے بھی اسلام کا پیغام دوسروں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دے سکتا ہےاور اس کو یہ کرنا بھی چاہئے ۔مولانا نے کہا کہ اسی کو دیکھتے ہوئے رکشہ پر اسلام کے پیغام کو عام کرنے کا اسٹیکر لگایا جارہا ہے جس کے ذریعے امید ہے کہ اسلامی تعلیمات عام ہوسکیں گی اور اس سے سب فائدہ اٹھائیں گے۔مولانا نے رکشہ چلانے والوں سے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنی خوش قسمتی سمجھنا چاہئے کہ ہم حلال کمائی کرتے ہوئے اسلام کا پیغام بھی دوسروں تک پہنچانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
اس موقع پر آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں درپیش مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے جماعت سمیت تنظیم اورفیڈریشن کے ذمہ داران کو اس طرف توجہ دینے کی درخواست کی۔
پروگرام کا آغاز مولانا محمد ارشاد نائطے ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔جس کے بعد حسن ابن عبدالقیوم سدی باپا نے نعت پیش کی۔ جماعت کےمعاون سکریٹری و ناظم اجلاس مولوی اسماعیل انجم گنگاولی ندوی نے استقبالیہ کلمات ادا کئے تو مہم کے کنونیر جناب طلحہ سدی باپا نے مہم کی غرض و غایت بیان کی۔ جماعت کے نائب صدر ڈاکٹر زبیر کولا نے صدارتی کلمات پیش کئے۔ جماعت کے جنرل سکریٹری جوباپو محمد اسماعیل نے شکریہ ادا کیا۔ مولانا محمد حسین اکرمی رشادی کی دعاپر پروگرام کا اختتام ہوا۔ڈائس پر رکشا یونین کے نائب صدر فیصل پٹیل موجود تھے۔
اس موقع پر قرآنی آیات اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ پر مشتمل کنڑا، انگریزی اور اردو زبانوں میں تیار کئےگئے اسٹیکرس تمام آٹو رکشا پر ذمہ داران نے چسپاں کئے۔
[video width="320" height="640" mp4="https://objectstore.e2enetworks.net/bhatkallys/uploads/2022/10/WhatsApp-Video-2022-10-18-at-10.14.14-AM.mp4"][/video]
