بھٹکل میں سدبھاؤنا منچ کی طرف سے ہندو مسلم گیٹ ٹو گیدر پروگرام کا انعقاد: مقررین نے محبت کی فضا بحال کرنے پردیا زور

04:01PM Sun 6 Aug, 2023

بھٹکل: 6 اگست،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے قاضیا حسن ہال میں جمعہ کے دن بعد نماز عصر جماعت اسلامی اور سدبھاؤنا منچ کے زیر اہتمام ہندو مسلم گیٹ ٹو گیدر پروگرام کا انعقاد کیا  گیا جس میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کی بھی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے کنڑا زبان میں  خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے ریاستی سکریٹری محمد کُنہی نے ملک میں  امن کی فضا بحال کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے ملک میں نفرت انگیز تقریروں پر چُٹکی لیتے ہوئے کہا کہ نفرت انگیز بول بم سے بھی زیادہ خطرناک ہوتے ہیں اس لیے کہ بم جہاں گرتا ہے وہاں اور اس کے تھوڑی دور تک اپنا نقصان پہنچاتا ہے لیکن نفرت کے بول جہاں جاتے ہیں وہاں تک زہر گھول دیتے ہیں اور معاشرے کو نقصان پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے مذہب کے نام پر ہورہے فسادات پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مذہب نفرت اور جھگڑے ،فساد کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ ہر مذہب انسانیت، رحم دلی اور امن و امان کا پیغام دیتا ہے ۔انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے آپس میں مل جل کر رہنے کے کام کرنے کی ترغیب دی ۔ اس کے علاوہ اس موقع پر  رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب عمر فاروق مصباح، جنرل سکریٹری  جناب عتیق الرحمن مُنیری، بھٹکل ڈی وائی ایس پی سری کانت پی اورمجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدرعنایت اللہ شابندری نے بھی  موقع کی مناسبت سے مختصر خطاب کیا ۔ اس موقع پر بھٹکل کی تین مشہور شخصیتوں کی تہنیت کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی گئی جن میں نیو انگلش پی یوکالج کے پرنسپال ڈاکٹرویریندر شانبھاگ ،بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کی میڈیکل افسر ڈاکٹرسویتا کامتھ اور معروف سماجی کارکن نذیراحمد قاسمجی  شامل ہیں۔ اجلاس کا آغاز حافظ عبدالرحمٰن رکن الدین کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد سدبھاونا منچ کے صدرستیش کمار نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات ادا کیے، جماعت اسلامی ہند بھٹکل شاخ کے سکریٹری  جناب عبدالروف ساونور نے سدبھاونا منچ کا تعارف پیش کیا۔ سدبھاونا منچ کے سکریٹری  جناب رضامانوی نے نظامت کی۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل شاخ کےصدر مولانا ایس ایم سید زبیر کے کلمات تشکرپرجلسہ اختتام کو پہنچا۔