بھٹکل کے لیے شراوتی بیلٹ کے مسلمانوں کا دست تعاون۔ ایک خوش آئند قدم

02:08PM Fri 5 Aug, 2022

بھٹکل میں منگل کی شب ہوئی بارش نے جو تباہی مچائی اس کو ماضی قریب میں بھٹکل کی سرزمین پر کبھی بھی انسانی آنکھ نے نہیں دیکھا تھا اور اتنے قلیل وقت میں اتنی بڑی تباہی کا تصور بھی محال تھا۔ لیکن قدرت کے  آگے انسانی سوچ کس قدر بے حیثیت ہے اس کی مثال  بھٹکل میں بادل پھٹ پڑنے  کے بعد جو حالات سامنے آئے  اور دیکھتے دیکھتے شہر کی جو تصویر بدل گئی اس سے ظاہر ہے ۔ منگل کی رات میں گہری نیند سونے والوں کی آنکھوں میں اچانک اپنے گھروں اور دیکھتے دیکھتے گلے تک پانی آنے کی جو وحشتناک صورتحال ہے اس کا تصور کرکے ہی جی گھبراجاتا ہے لیکن اللہ رب العزت کا کرم  کہ بارش کا سلسلہ تھم گیا، پانی جس تیزی سے آیا تھا اسی تیزی سے چلا بھی گیا اور عوام نے راحت کی سانس لی۔ اس صورتحال کے بعد بھٹکل میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی مختلف نوجوانوں اور  سماجی تنظیموں نے ریلیف کام کی شروعات کی اور دیکھتے ہی دیکھتے دیگر لوگ  اور سرکاری عملہ بھی ان  کے ساتھ جڑتا گیا ۔ مجلس اصلاح وتنظیم ایک ایسا ادارہ ہے جس کی بنیاد ہی ریلیف کام کے تناظر میں رکھی گئی تھی اور اس ادارے نے ہمیشہ سے سیلاب متاثرین ہوں یا  کسی بھی ناگہانی مصیبت سے دوچار ہونے والے ہوں ان کا  سب سے پہلے ساتھ دیا ہے اور انہیں ریلیف پہنچائی ہے۔اب جبکہ بھٹکل ہی بارش کی تباہی سے دوچار ہوگیا ہے تو  کل ۳ ؍اگست شراوتی بیلٹ کی تمام جماعتوں کے متحدہ پلیٹ فارم کینرا مسلم خلیج کونسل کے ذمہ داران  جن میں منکی ، ولکی، مرڈیشور وغیرہ کے ذمہ دار حضرات موجود تھے انہوں نے تنظیم میں پہنچ کر  مدد کا ہاتھ بڑھایا اور اور تمام نے مل کر بھٹکل والوں کا ساتھ دینے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کی تنظیم ہمیشہ مصیبت کی گھڑیوں میں مدد کے لیے پہل کرتی ہے اور اب جبکہ شہر بھٹکل  مصیبت سے دوچار ہے تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم آگے آئیں اور ہم سے جو ہوسکتا ہے وہ تعاون کریں، انہوں نے اس موقع پر رابطہ میں پہنچ کر بھی اپنی مدد کا ارادہ ظاہر کیا۔ بہر حال ساحلی پٹی کے احباب کا یہ اقدام واقعی لائق تحسین اور اتحاد و اتفاق کو بڑھاوا دینے والا ہے جس کی سراہنا کی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر دمام سے امین سیف اللہ صاحب نے بھی تنظیم کو دلاسہ دیا اور ساتھ دینے کی بات کہی ۔ مصیبت کی ان گھڑیوں میں دلاسے کے دو چار بول ہی انسان کے لیے بڑے کار آمد ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس باہمی محبت و الفت کو باقی رکھے اور ان سب کو مل جل کر خلوص کے ساتھ ملک و ملت کی ترقی کرنے کی توفیق عطا کرے۔ بھٹکل کے جو حالات ہوئے ہیں  اس کو تبدیل فرمائےاور جنہیں بھی نقصان ہوا ہے اللہ تعالیٰ جلد از جلد ان کے نقصان کی بھرپائی کرے ۔آمین