اشتعال انگیز بیانات دینے پر فیس بک نے تلنگانہ بی جے پی کے واحد رکن اسمبلی راجا سنگھ پر عائد کی پابندی

02:07PM Thu 3 Sep, 2020

فیس بک نے راجہ سنگھ کے اکاونٹ کو بند کردینے کا اعلان کیا ہے ۔ فیس بک نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی شخص اشتعال انگیز اور متنازعہ بیانات اپ لوڈ کرنے کی کوشش کریگا تو اس کے اکاونٹ کو بند کردیا جائے گا ۔ دوسری جانب راجہ سنگھ نے واضح کیا کہ ان کا فیس بک پیج نہیں ہے ۔ دیگر افراد ان کے نام سے فیس بک چلارہے ہیں ۔
ادھر، شعلہ بیان لیڈر راجہ سنگھ نے اس معاملہ پر اپنی صفائی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے بعد ان کا فیس بک اکاونٹ ہیک کر لیا گیا تھا۔ تبھی ان کے نام سے کچھ قابل اعتراض مواد فیس بک پر ڈالا گیا تھا۔ ان کے نام سے کئی فیس بک اکاؤنٹس چلائے جا رہے ہیں جس میں سے پانچ پر فیس بک نے پابندی عائد کردی ہے۔ ان صفحات میں ان کے تقریباً تین لاکھ فالوورس ہیں۔
 خیال رہے کہ امریکی اخبار ’دی وال اسٹریٹ جنرل‘ نے فیس بک پر اپنی رپورٹ میں نامعلوم اندرونی لوگوں کے حوالہ سے کہا گیا تھا کہ فیس بک انڈیا کی اعلیٰ عہدیدار آنکھی داس نے ایک اندرونی پیغام میں راجہ سنگھ پر مستقل پابندی عائد کرنے سے روکا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فیس بک انڈیا کی سربراہ کو یہ خدشہ تھا اگر راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کی گئی تو اس سے ہندوستان میں کمپنی کا کاروبار متاثر ہوگا۔