بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے بھٹکل پہنچے اترکینرا ضلع کے انچارج وزیر کوٹا شرینواس: افسران کو دی ضروری ہدایات

04:30PM Sat 16 Jul, 2022

بھٹکل 16 جولائی ( بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا ضلع کے انچارج وزیر کوٹا شری نواس پجاری بارش سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کرنے آج بھٹکل آئے ہوئے تھے۔ اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں انہوں نے بھٹکل و ہوناور تعلقہ کے افسران کے ساتھ ملاقات  کی  اور انہیں ضروری ہدایات دیں۔ اس میٹنگ کے بعد انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد گرام پنچایت سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے اور نقصان کے 24 گھنٹے کے اندر راحت  پہنچانے کے لیے  مناسب اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  بھٹکل سب ڈویژن کے انتظامی دائرہ اختیار میں 38 گرام پنچایتیں، 2 ٹاؤن پنچایتیں، 1 میونسپال، محکمہ ریونیو، محکمہ  پولیس اور  فائر بریگیڈ ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکان کے جزوی یا مکمل نقصان کی صورت میں معاوضہ فراہم کرنے کے انتظامات  بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر قومی شاہراہ کی خراب حالت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تعلق سے اترکینرا سے ممبر پارلیمان آننت کمار کی موجودگی میں ہی آئی آر بی کے افسران سے بات کی گئی ہے اور انہیں اس سلسلے میں ضروری ہدایات دی گئی ہیں تاکہ بارش سے ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے منسوخ ہونے والے دورے کی تفصیلات دیں اور  یقین دلایا کہ  ایک ہفتے  کے اندر ہی وزیراعلیٰ ضلع اترکینرا پہنچیں گے اور یہاں پہنچ کر ضلع کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔   اس موقع پر  کاروار سے تشریف فرما اترکینرا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر  راجو موگویر اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی  اور دیگر پولس افسران موجود تھے۔