جے این یو کی طالبہ آفرین فاطمہ کے والد جاوید کے گھر پر چلا بلڈوزر، کثیر تعداد میں پولیس اہلکار تعینات

02:24PM Sun 12 Jun, 2022

پریاگ راج : اترپردیش کے پریاگ راج میں جمعہ کو نماز کے بعد بھڑکے تشدد کے معاملہ میں اہم ملزم بتائے جارہے محمد جاوید عرف جاوید پمپ کے گھر پر اتوار دوپہر کو بلڈوزر چلایا گیا ۔ اس دوران وہاں کثیر تعداد میں پولیس اہلکار موجود رہے ۔ وہاں سے پولیس اہلکاروں نے احتجاج کی اپیل والے پوسٹر بینر بھی ہٹائے۔ دراصل پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے کریلی کے جے کے آشیانہ کالونی میں واقعہ 1500 مربع فٹ میں بنے جاوید کے دو منزلہ عالیشان گھر پر نوٹس چسپاں کرکے اتوار کی صبح گیارہ بجے تک اس عمارت کو خالی کرنے کیلئے کہا تھا ۔ جاوید پر پی ڈی پی سے نقشہ پاس کرائے بغیر گھر بنانے کا الزام ہے ۔ اتھاریٹی نے 10 مئی کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد 24 مئی تک ریکارڈ پیش نہ کرنے پر منہدم کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا ۔
آفرین کے والد کے گھر پر بلڈوزر چلائے جانے کے بعد ٹویٹر پر بھی لوگ اپنے رد عمل کا اظہار کررہے ہیں ۔ اسد الدین اویسی اور ششی تھرور سمیت کئی لیڈروں نے آفرین کی حمایت میں ٹویٹ کیا ہے ۔