حجاب معاملہ میں ہائی کورٹ کے فیصلے پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے آج منایا گیا  پر امن بند: ریاست کے مسلمانوں نے دی بند کو بھرپور حمایت

04:03PM Thu 17 Mar, 2022

بنگلور: 17 مارچ، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) حجاب تنازعہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کل مسلم تنظیموں کی طرف سے آج کرناٹک بند کی آواز دی گئی تھی جس کا خاصا اثر مسلم علاقوں میں دیکھا گیا جبکہ بعض علاقوں میں برادران وطن نے بھی اپنے کاروبا ر کو بند رکھ کر اس کی حمایت کی۔ اس موقع پر  ایک طرف بینگلورو کے ڈی جے ہلی، شیواجی نگر، کے جی ہلی اور دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں بند کا پورا اثر دیکھنے ملا تو وہیں دوسری طرف ہبلی، چک منگلورو، اُڈپی ، منگلورو میں بھی مسلم کاروباریوں نے آج پورا دن اپنا کاروبار بند رکھا۔ بھٹکل میں کل کے بعد  آج  بھی صبح سے شام تک مسلمانوں نے اپنا کاروبار مکمل بند رکھتے ہوئے کرناٹک بند کو اپنا صد فیصد تعاون پیش کیا ۔اس دوران بھٹکل میں پولس کے سخت حفاظتی انتظامات بھی دیکھنے کو ملے۔ واضح رہے کہ اس بند میں نہ کوئی ریلی نکالی گئی اور نہ ہی کسی قسم کا احتجاج کیا گیا بلکہ ریاست کے امیر شریعت کی کال پر نہ صرف بنگلور بلکہ ریاست کے تمام ہی اضلاع میں مسلمانوں نے بند کو منظم طریقے سے کامیاب بنایا۔ بند کے دوران مسلم اکثریتی علاقوں میں دکانیں و تجارتی مراکز مکمل طور پر بند  رکھتے ہوئے  عام مسلمانوں نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔اس پورے بند کے دوران ریاست میں کہیں سے بھی کسی قسم کے تشدد یا ناگہانی واقعہ  کی  خبر موصول نہیں ہوئی جس کی وجہ سے یہ پر امن بند مکمل طور پر کامیاب رہا۔ واضح رہے کہ علماء کرام کی جانب سے بند کی اپیل کو جماعت اسلامی ہند، پاپولر فرنٹ، کرناٹک مسلم متحدہ محاذ، ایس ڈی پی آئی، ڈبلیو پی آئی، جمعیت العلماء ہند و دیگر تنظیموں نے حمایت کی تھی۔ اس دوران حجاب کا مطالبہ لےکر ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرنےوالی اُڈپی سرکاری پی یو گرلس کالج کی 6طالبات اور اُڈپی کی ایم جی ایم، اجرکاڑو جی شنکر سرکاری ڈگری کالج ، کنداپور سرکاری جونئیر کالج سمیت مختلف کالجوں میں بہت ساری باحجاب طالبات  آج بھی کلاسوں سے غیر حاضر رہیں تو وہیں دوسری طرف اُڈپی کے کاپوکی ڈگری کالج میں طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان گاہ میں داخلہ نہ ملنے پر طالبات نے امتحان کا بائیکاٹ کردیا۔