زوردار ہنگامہ آرائی کے دوران راجیہ سبھا غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی، خاتون اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بدتمیزی کا الزام

04:22PM Wed 11 Aug, 2021

راجیہ سبھا میں اپوزیشن پارٹی لیڈران کے ذریعہ مختلف ایشوز کو لے کر مرکزی حکومت سے سوال کیا جا رہا تھا اور اس درمیان کافی ہنگامہ ہوا۔ کئی بار ایوان کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی اور دیر شام جب ہنگامہ کافی بڑھ گیا تو ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس درمیان اپوزیشن پارٹی لیڈران نے آج راجیہ سبھا میں پیش آئے واقعات کے تعلق سے کچھ سنگین الزامات لگائے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ آج راجیہ سبھا میں جس طرح خاتون اراکین پارلیمنٹ پر حملے ہوئے، ایسا 55 سالہ پارلیمانی کیریر میں نہیں دیکھا۔ انھوں نے کہا کہ 40 سے زائد مردوں اور خواتین کو باہر سے ایوان میں لایا گیا۔ یہ دردناک ہے، یہ جمہوریت پر حملہ ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے بھی خاتون اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بدتمیزی کیے جانے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرہ کے دوران وہاں موجود کچھ خاتون سیکورٹی اہلکاروں نے اپوزیشن کی خاتون اراکین کے ساتھ دھکّا مکّی کی اور ان کی بے عزتی کی۔