بھوپال میں9.70 لاکھ روپے کے غیر قانونی نوٹ ضبط، 2 شخص گرفتار
02:42PM Thu 2 Mar, 2017

ملزمان کااعتراف ،تین لاکھ کے پرانے نوٹ بدلوانے پرایک لاکھ کاکمیشن ملتاتھا
بھوپال، (بھٹکلیس نیوز)بھوپال شہرکے پپلانی تھانہ علاقے میں بدھ کو پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر ان کے پاس سے 9.70 لاکھ روپے کے چلن سے باہر کئے گئے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ ضبط کئے۔ پپلانی تھانہ انچارج مہندر سنگھ چوہان نے بتایاکہ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر پرمود نائر (40) اور سیدوقار علی (46) کوشہرمیں واقع جے روڈ سے اس وقت گرفتار کیا جب وہ چلن سے باہرہوئے ان نوٹوں کو ایک سکوٹر سے لے کر اندرپوری علاقے میں کسی کو دینے جا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ علی پیشے سے ڈاکٹر ہے اور شہر کے بیراگڑھ علاقے میں وہ اپنی کلینک چلاتا ہے جبکہ نائر فوٹو گرافی کا کام کرتاہے۔ چوہان نے بتایا کہ ان دونوں سے چلن میں بندہوئے 1000 روپے کے 600 نوٹ اور 500 روپے کے 740 نوٹ ملے جنہیں انہوں نے تھیلوں میں چھپارکھاتھا۔ ان تمام نوٹوں کو پولیس نے ضبط کر لیاہے۔انہوں نے کہا کہ پوچھ گچھ میں ملزمان نے بتایاکہ تین لاکھ روپے کے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے پرانہیں ایک لاکھ روپے کمیشن ملتاتھا۔ تاہم دونوں ملزمان نے یہ نہیں بتایاکہ یہ نوٹ ان کے پاس کہاں سے آئے اورکسے دینے جا رہے ہیں۔ چوہان نے بتایاکہ اس سلسلے میں محکمہ انکم ٹیکس کو اطلاع دے دی گئی ہے اور انکم ٹیکس محکمہ ہی آگے کی کارروائی کرے گا اورپتہ لگائے گا کہ یہ نوٹ ان کے پاس کہاں سے آئے۔