بھٹکل میں اس سال 960؍کوئنٹل فطرہ کی تقسیم
05:01PM Mon 19 Aug, 2013

بھٹکل میں اس سال 960؍کوئنٹل فطرہ کی تقسیم
بھٹکلیس نیوز ؍ 19 اگست، 13
بھٹکل؍ (رضوان گنگاولی) مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل (کرناٹک) کے زیر اہتمام بھٹکل میں امسال الحمدللہ تقریباً 96؍ہزار کلو(960کوئنٹل)چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی ، اس بات کی اطلاع مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بھٹکلی نے آج بعد نماز عصر مولانا ابولحسن اسلامک اکیڈمی میں مرکزی فطرہ کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد عید ملن پارٹی میں دی ۔ مولانا موصوف نے بتایا کہ اس سلسلہ میں بھٹکل،ہوناور ، کمٹہ اور شیرور وآس پاس میں44؍حلقے بنائے گئے تھے ،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی ، اس سلسلہ میں بھٹکل کی بیرونی مسلم جماعتوں دبئی ، ابوظبہی ، جدہ ، بحرین ، ریاض ، مسقط ، قطراور دمام(منطقہ شرقیہ) وغیرہ سے امسال 28؍ہزار کلو(280کوئنٹل) چاول موصول ہوا ۔امسال پہلی دفعہ مسقط اور قطر میں مقیم بھٹکلیوں کی طرف سے وہاں کی مقامی جماعتوں نے فطرہ وصول کرکے روانہ کیا ۔ مقامی طور پر تقریباً 68ہزارکلو(685کوئنٹل)چاول وصول کیاگیا ، اس طرح تقریباً 96؍ہزار کلو فطرہ چاول شیرورسے بشمول بھٹکل ،ہوناور اور کمٹہ تک کے1436؍خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ مولانا محترم نے ایک ایک خاندان کو دئے گئے چاول کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اوسط ہر خاندان کو50؍کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو 200کلو(2 کوئنٹل)چا ول دیا گیا،مجموعی طور پر جمع وتقسیم شدہ چاول کی قیمت 28لاکھ روپئے سے زیادہ تھی ۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام الحمدللہ گذشتہ 28سالوں سے جاری ہے اور الحمدللہ اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے،اس سلسلہ میں خلیج میں مقیم بھٹکل جماعتوں اور مختلف محلوں واسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں کے تعاون اور مقامی علماء ونوجوان کی خصوصی دلچسپی کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر رابطہ سوسائٹی اور انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب ایس ایم سید خلیل الرحمٰن صاحب ، مولانا ایوب صاحب برماور ندوی اور خلیجی ممالک میں قائم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی تعلیمی وسماجی اداروں جماعتوں ،تنظیم ،انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران ،عمائدین اور شہر کے علماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس سلسلہ میں کام کی توسیع و استحکام کے سلسلہ میں اپنے مفید مشورو ں وتجاویز سے نوازا۔
