آج سے ایس ایس ایل سی امتحانات کا ہورہا ہے آغاز: بھٹکل تعلقہ کے 9 امتحانی مراکز میں 2051 طلبہ دیں گے امتحان
04:54AM Thu 25 Jun, 2020

بھٹکل: 25 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) 27 مارچ کو ریاست بھر میں منعقد ہونے والے ایس ایس ایل سی کے امتحانات ملک بھر میں کورونا کی وجہ سے لاگو لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی کیے گئے تھے جو کہ آج 25 جون کو ریاست بھر میں منعقد ہورہے ہیں جس کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں۔
اترکینرا کے ڈی ڈی پی آئی ہریش گاؤنکر کے مطابق اس بار ضلع کاروار اور سرسی میں کل 19,880 طلبہ امتحان دے رہے ہیں جس کے لیے کل 72 امتحانی مراکز بنائے گیے اور اس کے علاوہ پانچ دوسرے مراکز بھی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوا کے جو طلبہ کرناٹک بورڈ امتحان لکھ رہے ہیں اس بار انہیں بھی گوا میں ہی دو سینٹروں میں امتحان لکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
بھٹکل بی ای او ایم آر منجی کے مطابق بھٹکل تعلقہ میں اس بار نیو انگلش اسکول، سونارکیری سرکاری ہائی اسکول، اسلامیہ اینگلواردو ہائی اسکول، انجمن گرلز ہائی اسکول بستی روڈ، بیلکے سرکاری ہائی اسکول، جنتاودھیالہ مرڈیشور، نیشنل ہائی اسکول مرڈیشور، بینا ودیا انٹر نیشنل ہائی اسکول کو ملا کر 9 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں کل 2051 طلبہ امتحان لکھنے والے ہیں جن میں 1131لڑکیاں اور 920لڑکے شامل ہیں۔
بلاک ایجوکیشن افسر کے مطابق طلبہ کو امتحانی سینٹروں میں ایک گھنٹہ پہلے پہنچنے کی تاکید کی گئی تاکہ تھرمل اسکیننگ اور دیگر احتیاطی اقدامات انجام دیے جائیں۔
خیال رہے کہ یہ امتحان آج سے شروع ہوکر 4 جولائی تک چلیں گے۔