راجستھان: بارات کی کار دریا میں گرنے سے اندوہناک حادثہ، دولہے سمیت 9 افراد کی موت

03:25PM Sun 20 Feb, 2022

کوٹا: راجستھان میں ایک اندوہناک حادثہ میں بارات میں جا رہی کار دریائے چمبل میں گر گئی، اس حادثہ میں دولہے سمیت 9 افراد کی جان چلی گئی۔ یہ واقعہ کوٹا شہر کے نیاپورہ تھانہ علاقہ میں چمبل ندی کی ایک چھوٹی پلیا پر پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق بارات سوائی مادھو پور کے چوتھ کا برواڑا علاقہ سے مدھیہ پردیش کے اجین جا رہی تھی اور درمیان میں ہی تھی۔ حادثہ کا شکار ہونے والی کار میں دولہا سمیت 9 افراد سوار تھے اور تمام فوت ہو گئے۔
اس واقع پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے ہر ممکن امداد کی ہدایت کی ہے۔ اتنے بڑے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو ٹیم کی مدد سے گاڑی کو باہر نکالا۔ پولیس کی بھاری نفری اور لوگوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہوگئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام، پولیس انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔
ایس پی سٹی قیصر سنگھ شیکھاوت نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کی ٹیم اور کوٹا میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور پر 7 لاشوں کو کار کے اندر سے جبکہ دو لاشوں کو بعد میں دریا کے پانی سے برآمد کیا۔ ضلع کلکٹر ہری موہن مینا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے امداد دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’کوٹا میں باراتیوں کی کار چمبل ندی میں گرنے سے دولہے سمیت 9 لوگوں کی موت انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ کلکٹر سے بات کر کے واقعہ کی اطلاع حاصل کی ہے۔ متاثرہ اہل خانہ سے میری تعزیت، خدا انہیں اس غم کو برداشت کرنے کی طاقت فراہم کرے۔‘‘ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اس دلخراش حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر برلا نے کہا کہ بہت سے لوگوں کی بے وقت موت دل دہلا دینے والی ہے، میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔