آج سے ریاست بھر میں رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک رہے گا کرفیو: سرحدی اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو کا نفاذ

11:55AM Sat 7 Aug, 2021

بینگلورو: 7 اگست،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے  حکومت نے ریاست بھر میں نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ آج رات سے شروع ہوگا۔ حکومت کی طرف سے اس کی گائیڈ لائنس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ کرفیو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا ۔ اسی طرح سرحدی اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو نافذ رہے گا۔ جن میں  مہاراشٹرا کے سرحدی اضلاع  بیدر، بیلگاوی، وجیاپورہ، کلبرگی اورکیرلا کے سرحدی اضلاع میسور، چامراج نگر،کوڈگو اور جنوبی کنڑا ضلع شامل ہیں جہاں آج سے ہی یہ احکامات لاگو ہیں۔ ان اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو کے دوران اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے صبح 5بجے تا دوپہر دو بجے رعایت دی گئی ہے -فٹ پاتھ کے تاجروں اور گلی گلی پھر کر تجارت کرنے والوں کو بھی صبح 5بجے تا دوپہر دوبجے کی ڈھیل دی گئی ہے- پارسل ڈیلیوری کرنے والوں کیلئے بھی صبح 5بجے تا دوپہر 2بجے موقع فراہم کیا گیا ہے - ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ میں صرف پارسل دینے کی اجازت ہوگی - ویک اینڈ میں سرکاری اور پرائیویٹ بسوں کو دوڑنے کی اجازت دی گئی ہے -ہوائی جہاز اور ریل گاڑی کی ٹکٹیں پیش کرکے مسافرکیلئے آنے جانے کی سہولت رہے گی- شادیوں میں صرف ایک سو باراتیوں کے شرکت کی اجازت دی گئی ہے جب کہ آخری رسومات میں صرف 20 افراد کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ احکامات 16 اگست تک جاری رہیں گے۔