جمعیت الحفاظ کی طرف سے 9 اور 10 جون کو بھٹکل میں منعقد ہورہا ہے دو روزہ شاندارمسابقہ حفظ قرآن: ہر گروپ میں ممتاز طلبہ کو دیے جائیں گے گرانقدر انعامات

01:10PM Tue 7 Jun, 2022

بھٹکل: 7 جون،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ‘‘بھٹکل میں حفاظ کرام کو آپس میں جوڑنے اور انہیں قرآن کریم سے مربوط رکھنے کے لیے تشکیل دی گئی جمعیت الحفاظ پچھلے کئی سالوں سے بھٹکل و اطراف میں حفاظ کے لیے کام کر رہی ہے اور اس کے تحت حفاظ کی ہمت افزائی اور ان کا قرآن پکا رکھنے کے لیے مقامی اور قومی سطح کے کئی ایک  مسابقے بھی ہوتے  آرہے ہیں ۔ اس بار مقامی سطح پر  دور روزہ مسابقہ حفظ قرآن منعقد ہونے جار ہا ہے جس میں جملہ 36 حفاظ کرام شرکت کریں گے ’’۔  اس کی اطلاع جمعیت الحفاظ بھٹکل کے صدر مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے دی ، وہ یہاں جامع مسجد میں اخباری نمائندوں کو مسابقے کی تفصیلات دے رہے تھے۔ مولانا  نے مزید  کہا کہ  سال گزشتہ کویڈ کی وبا آنے کی وجہ سے بھٹکل کی مختلف مساجد میں حفاظ کے مابین مقابلے رکھے  گئے تھے جو کافی پسند کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار یہ مسابقہ نوائط کالونی تنظیم ملیہ مسجد کی اوپری منزل میں  9 اور 10 جون کو منعقد ہوگا جس میں علیا ، وسطی اور سفلی کے تین گروپ کے حفاظ  حصہ لیں گے۔ مولانا محترم نے کہا کہ اس مسابقے کی پہلی نشست جمعرات بعد نماز  عصر شروع ہوگی جبکہ دوسری نشست  عشاء بعد منعقد ہوگی،  اسی طرح دوسرے دن  پہلی  نشست جمعہ کے روز  بعد نماز  عصر  منعقد ہوگی اور آخری نشست اسی دن  بعد نماز عشاء منعقد ہوگی ۔ جمعیت کے جنرل سکریٹری مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی نے اس موقع پر کہا کہ اس مسابقہ کا اعلان رمضان سے پہلے ہی کیا گیا تھا  جس میں قریب 150 ؍حفاظ نے فارم بھرے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ  ان تمام حفاظ  کی پہلی جانچ کے بعد اگلی جانچ کے لیے 97 حفاظ کو لیا گیا تھا  اور آخری جانچ کے بعد ہر گروپ کے لیے 12 حفاظ کو منتخب کیا گیا  تھا جس میں ان کی عمر کا خیال رکھتے ہوئے   انہیں علیاء، وسطی اور سفلی گروپ میں تقسیم  کیا گیا تھا ۔ انہوں نے انعامات کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ اس مسابقے کے ہر گروپ میں اول آنے والے کو 25 ہزار روپئے ، دوم آنے والے کو 20 ہزار  روپئے اور سوم آنے والے کو 10 ہزار نقد انعام دیا جائے گا اس کے علاوہ تمام مساہمین کو تشجیعی انعاما ت سے بھی نوازا جائے گا ۔ منتظمین نے عوام و خواص سے درخواست کی ہے کہ وہ  ان تمام نشستوں میں شریک ہوکر اپنے دلوں کو نور قرآنی سے منور کریں اور حفاظ کی ہمت افزائی کریں۔ اس موقع پر صدر جمعیت مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، جنرل سکریٹری مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی،  نائب سکریٹری مولانا وصی اللہ ڈی ایف ، کنوینر مسابقہ مولوی معظم شابندری  اور نائب کنوینر مولوی عبداللہ شریح کوبٹے موجود تھے ۔