باحجاب طالبات کا معاملہ حل کرنے اور یوکرین میں پھنسے طلبہ کو وطن واپس لانے کی اپیل کرتے ہوئے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے دیا میمورنڈم
04:47PM Wed 2 Mar, 2022

بھٹکل: 2 مارچ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے آج اے سی کے توسط سے ریاستی وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم نریندر مودی کو دو میمورنڈم پیش کیے جن میں سے ایک میں باحجاب طالبات کو آئینی حق کے مطابق حجاب پہن کر اسکول اور کالج میں جانے کی اجازت دینے اور طالبات کے امتحانات لینے کی اپیل کی گئی تو دوسرے میمورنڈم میں یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبہ کو حفاظت کے ساتھ واپس لانے کی اپیل کی گئی ۔
اس موقع پر مولوی ایاد ایس ایم ندوی نے فیڈریشن کی نمائندگی کرتے ہوئے موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات ظاہرکیے۔ انہوں نے ایک طرف جمہوری ملک میں شہریوں کو دیے گئے حقوق کو گنایا تو دوسری طرف تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے طالبات کو حجاب کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینے کی بات کہی۔ انہوں نے حجاب کو اسلامی شریعت کا لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دستوری حق کے ساتھ شریعت پر عمل کریں گے ہم اس سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوسکتے ہیں۔
حجاب کے تعلق سے وسیم اسر مٹا نے میمورنڈم پڑھ کر سنایا جبکہ یوکرین سے طلبہ کو واپس لانے کی اپیل پر مبنی میمورنڈم کو مولوی نبیل انجم نے اے سی کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد صدر فیڈریشن مولانا عزیز الرحمٰن رکن الدین ندی اور مولانا وصی اللہ ندوی نے میمورنڈم اے سی کو دیا ۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے ان کو اعلیٰ افسران تک پہنچانے کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر بھٹکل کے مختلف اسپورٹس سینٹرکے نوجوانان سمیت عوام کی بھی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔




