مجلس اصلاح   وتنظیم کے عام انتخابات کے لیے تیاریاں شروع: کل سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا ہورہا ہے آغاز۔3 اکتوبر کو ڈالے جائیں گے ووٹ

03:18PM Fri 16 Sep, 2022

بھٹکل : 16 ستمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے عام انتخابات برائے سال 2022  انشاء اللہ  3 اکتوبر،2022 کو  منعقد ہونگے جس میں تنظیم کے عام ممبران حصہ لے سکیں گے۔ اس کی جانکاری مجلس اصلاح و  تنظیم کے الیکشن کمشنر جناب الطاف کھروری نے یہاں تنظیم میں منعقد  اخباری کانفرنس میں  میڈیا کے نمائندوں کو دی ۔ انہوں  نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ  17 ستمبر سنیچر  سے اس کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنےکا آغاز ہورہا ہے جب کہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 ستمبر بروز منگل تک رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کو  500 روپیوں کی ادائیگی کے بعد ووٹر لسٹ کے ساتھ جاری کیا جائے گا ۔ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اگلے دن 21 ستمبر داخل کیے گئے پرچوں کی جانچ کی جائے گی اور 24 ستمبر شام ساڑھے چھ بجے تک امیدواری واپس لینے کا اختیار رہے گا۔  انہوں نے بتایا کہ ان سب کا رروائیوں  کے بعد 26 ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراء عمل میں آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق 27 ستمبر سے 29 ستمبر تک تین دن مجلس شوریٰ سے مجلس انتظامیہ کے لیے  مختلف حلقوں کے اعتبار سےگیارہ اراکین کا انتخاب عمل میں آئے گا جس کے بعد 3 اکتوبر کو حسب ضرورت صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک انتخابات کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی بھی  شروع ہوگی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمشنر کی اطلاع کے مطابق انتخابات کے عمل کے بعد 18 اکتوبر کو صبح 10:30 بجے تنظیم دفتر میں نومنتخب انتظامیہ کا اولین اجلاس منعقد ہوگا جس میں مقامی دس اراکین انتظامیہ کا انتخاب نیز بیرون بھٹکل کے ان حلقوں کے لیے جہاں مقررہ تاریخ میں الیکشن نہ ہوئے ہوں یا انتخابات ضابطہ کے تحت نہ ہوئے ہوں ان کے انتخابات عمل میں آئیں گے جس کے بعد 3 نومبر کو صبح 10:30 بجے نومنتخب مجلس انتظامیہ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوگا جس میں عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آئے گا جو الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ہوگا۔ اس اخباری کانفرنس میں الیکشن کمشنر کے معاونین میں سے مولوی یاسر برماور ندوی اور جناب محمد یونس رکن الدین موجود تھے۔