’گودھرا میں ٹرین نذرِ آتش کرنے والے وقت سے قبل رِہائی کے حقدار نہیں‘، گجرات حکومت کی سپریم کورٹ میں اپیل
04:21PM Mon 20 Feb, 2023
گجرات حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ 2002 کے گودھرا ٹرین آتش زدگی معاملے میں قصوروار افراد ریاستی پالیسی کے تحت وقت سے قبل رِہائی کے لیے اہل نہیں ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں سالیسٹر جنرل نے بتایا کہ گودھرا میں ٹرین نذرِ آتش کرنے والے ملزمین کے لیے وہ سزا پر بحث کے دوران پھانسی کی سزا کا مطالبہ کریں گے۔

سپریم کورٹ نے اس عرضی پر گجرات حکومت سے جواب داخل کرنے کے لیے کہا تھا جس میں 2002 کے گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے قصورواروں نے ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ معاملہ صرف ٹرین کے بوگیوں پر پتھراؤ کا نہیں ہے بلکہ قصورواروں نے سابرمتی ایکسپریس کی ایک بوگی کو بند کر دیا تھا اور بعد میں اسے نذرِ آتش کر دیا گیا تھا جس سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ 2011 میں ٹرائل کورٹ نے مذکورہ بالا معاملے میں 11 قصورواروں کو پھانسی کی سزا سنائی تھی جبکہ 20 دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بعد میں ہائی کورٹ نے پھانسی کو عمر قید کی سزا میں تبدیل کر دیا اور باقی کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا گیا تھا۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے جہاں آئندہ سماعت تین ہفتے بعد ہونی ہے۔