بھٹکل سرکل کا نام تبدیل کرکے ترنگا سرکل رکھا جائے۔ بی جے پی یو ا مورچہ کا مطالبہ : ایس ڈی پی آئی نے مخالفت میں دیا میمورنڈم

04:47PM Tue 7 Jun, 2022

بھٹکل : 7 جون،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل سرکل کا نام تبدیل کرکے اس کا نام ترنگا سرکل  رکھنے  کی مانگ کرتے ہوئے آج صبح بی جے پی کے یوا مورچہ نے ایم ایل اے سنیل نائک کو میمورنڈم سونپا ہے ۔ ایم ایل اے سنیل نائک سمیت اتر کینرا کے ممبر پارلیمان  آننت کمار ہیگڈے اور انچارج وزیر کوٹا شرینواس کو دیے گئے اس میمورنڈم میں درج ہے کہ اب قومی شاہراہ کی تعمیر نو کے بعد بھٹکل سرکل  پر جگہ خالی ہوجائے گی۔ اس جگہ  اعلیٰ پیمانے پر سرکل کی نشانی کے طور پر  علامت بنائی جائے گی جس کا نام ترنگا سرکل رکھا جانا چاہئے جو کہ  ملک کے جھنڈے کو وقار بخشنے  کی طرح ہوگا  ۔ اس موقع پر یوا مورچہ کے صدر مہیندر نائک نے اس میمورنڈم کو دیتے ہوئے ان کی مانگ کو پورا کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر  سنتوش نائک، ادئے دیواڑیگا، چندرو نائک ، راگھویندرا نائک  اور دیگر موجود تھے ۔ ایس ڈی پی آئی نے نام بدلنے کی مخالفت کی: بی جے پی یوامورچہ کی جانب سے آج اس میمورنڈم کے سونپے جانے کے بعد سوشیل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) بھٹکل شاخ نے ڈی ایس پی بیلی ایپا  کے توسط سے ضلعی ایس پی کو میمورنڈم سونپا ہے اور بی جے پی یوا مورچہ کی طرف سے دیے گئے اس میمورنڈم کو امن میں خلل ڈالنے کی سازش قرار دی ہے۔ دیے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ مرحوم جوکاکو شمس الدین کی شخصیت ہندو مسلمان سب کے لیے محترم ہے ۔ انہوں  نے یہاں اپنے دور میں بہت سے ترقیاتی کام کیے ہیں اور بھٹکل میں   بلا تفریق مذہب و ملت گھر گھر میں بجلی لانے کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے ایسے میں اگر ان کے نام پر سرکل کا نام  رہتا ہے تو یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے اور اس سے چھیڑ چھاڑ کرنا کسی طور بھی درست نہیں ہے ۔ میمورنڈم میں اسے امن میں خلل ڈالنے کی سازش قرار دیتے ہوئے  ضلع انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ ایسی حرکتوں پر روک لگائی جائے تاکہ شہر کا ماحول پرسکون رہے ۔