پی ایم امیدوار پر نتیش کمار کا بڑا بیان- شرد پوار سے ملاقات کے بعد کہا- سب لوگ مل کر طے کریں گے چہرہ

02:21PM Wed 7 Sep, 2022

نئی دہلی: بہار سے شروع ہوئی سیاسی تبدیلی کا اثر اب مرکز کی سیاست میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ آج بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نئی دہلی واقع این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد مرکز کی سیاست سے متعلق بن رہے نئے سیاسی حالات کی تھوڑی ہوا سامنے آئی ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم سب لوگوں کو متحد کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو ایک اسٹیج پر لایا جائے۔ نتیش کمار نے بہت واضح طور پر کہا کہ وہ اپوزیشن کے وزیر اعظم عہدہ کا چہرہ نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب لوگ مل کر جو طے کریں گے، وہی چہرہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بتایا کہ ریاستوں کی ترقی سے متعلق شرد پوار سے بات چیت ہوئی۔ شرد پوار نے ہم لوگوں کے کام کو حمایت دی ہے۔ انہوں نے بھی اعتراف کیا کہ ایک ساتھ لڑیں گے تو ملک کی ترقی کا کام ہوگا۔ نتیش کمار نے کہا کہ فی الحال مرکز کے لوگ کام نہیں کر رہے ہیں۔ این ڈی اے کے لوگ ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری بات سبھی لوگوں سے ہو رہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر ایک ساتھ بیٹھ کر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ نتیش کمار نے کہا کہ میڈم (سونیا گاندھی) دہلی واپس آئیں گی تو پھر ان سے ملنے آوں گا۔ واضح رہے کہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار دہلی کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے دہلی آکر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات کرکے گزشتہ روز ان کے ساتھ لنچ بھی کیا۔ کمیونسٹ لیڈر سیتا رام یچوری اور ڈی راجہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ اسی ضمن آج انہوں نے سی پی آئی-ایم ایل کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹا چاریہ سے ان کے دہلی واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بات چیت کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ بہار میں 7 پارٹیاں ایک ساتھ ہیں۔ سبھی جماعتیں ساتھ مل کر رضا مندی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔