جماعت المسلمین بھٹکل کے ہزار سال مکمل ہونے پر جنوری میں منعقد ہورہے ہیں کئی ایک اہم پروگرام
03:56PM Wed 23 Nov, 2022

بھٹکل : 23 نومبر،2022 (بھٹکلیس نیوزبیورو) جماعت المسلمین بھٹکل کے ہزار سال مکمل ہونے پر اس کی تاریخ کے تعلق سے ایک بڑے پیمانے پر بھٹکل میں پروگرام منعقد ہورہا ہے جو کہ 4 اور 5 جنوری،2023 کو منعقد ہوگا جس میں جماعت کی خدمات اس کی 1400 سالہ تاریخ اور اس کے منصوبوں سے نئی نسل کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس کی اطلاع ہزار سالہ اجلاس کے کنوینر جناب مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے دی، وہ یہاں جماعت المسلمین بھٹکل کے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں کو اس اجلاس کی تفصیلات دے رہے تھے۔
مولانا نے اس پروگرام کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کے تحت بہت سارے پروگرام جامع مسجد کے قریب میدان میں منعقد ہو نگے جبکہ اس کا اختتامی اجلاس5 جنوری کی رات اصلاح معاشرہ کے عنوان پر عیدگاہ میدان میں منعقد ہوگا جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب ، حضرت مولانا بلال عبدالحی حسنی صاحب اور دیگر علماء و عمائدین شریک ہونگے۔
ان دو دنوں میں ہونے والے پروگراموں کی مزید تفصیلات دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اس دوران جماعت کی خدمت کرچکی ممتاز شخصیات پر ایک سیمنار ہوگا جس میں مقالے وغیرہ پیش کرکے نئی نسل کو ان کی خدمات سے آگاہ کیا جائے گا اور ساتھ ہی اس سیمنار میں جماعت کی تاریخ اور منصوبوں سے بھی روشناس کرایاجائے گا اور جماعت کی خدمت کرنے والی باحیات شخصیات کی تہنیت بھی کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی اس میں برادران وطن اور خاص کر نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی پروگرام ہوگا جس میں اڈپی کے پیجاور مٹھ کے سوامی بطور مہمان خصوصی شریک ہونگے جس میں مسجد درشن کا بھی اہتمام کیا جائے گا اور برادران وطن میں موجود غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اس پروگرام میں وارتھا بھارتی کے چیف ایڈیٹر جناب عبدالسلام پتگی بھی شرکت کریں گے۔
مولانا نے کہا کہ ان پروگراموں میں ایک اہم پروگرام طلباء و طالبات کے لیے جماعت کی تاریخ پر کوئز کا مقابلہ رکھا جائے گا جس میں اسکولی طلبہ شریک ہونگے ۔ اس میں چار گروپ بنائے گئے ہیں جن میں دو آن لائن ہونگے جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ مقابلہ ہوگا اور دو آف لائن یعنی شہر میں موجود اسکولوں کے طلباء و طالبات کے لیے ہونگے جس میں جماعت کی تاریخ سے جڑے قریب دو سو سوالات ہونگے ۔اس میں جیتنے والوں کو عمرہ ٹکٹ اور ویزا دیا جائے گا ۔اس کے علاوہ پندرہ طلبہ کو بھی انعامات دیے جائیں گے۔
مولانا محترم نے کہا کہ ان دو دنوں کے دوران جماعت کی تاریخ پر مشاعرہ بھی منعقد ہوگا جس میں شعراء کرام جماعت کی تاریخ اور اس کی سرگرمیوں پر اپنا کلام پیش کریں گے جبکہ اس سے قبل ان کی تخلیقات کو جماعت کے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا جائے گا اور اس میں زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کے شاعر کو انعام سے بھی نوازا جائے گا۔
مولانا نے کہا کہ اس ہزار سالہ اجلاس میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں جماعت کی تاریخ اور بھٹکل کی تہذیبی ، دینی ساخت کو ظاہر کیاجائے گا ۔ساتھ ہی جماعت کے ارکان قریبی علاقوں کا دورہ کریں گےاور انہیں جماعت کے متعلق معلومات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ بھی کنوینر اجلاس نے خواتین کے لیے بھی الگ سے پروگرام رکھنے کی اطلاع دی اور جماعت کی ماضی کی تاریخ بھی مختصر طور پر بیان کی۔
اس موقع پر چیف قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے اجلاس کی کامیابی کے لیے دعا کرنے اور اس کے مفید نتائج حاصل ہونے کے لیے کوشش کرنے کی درخواست کی ۔
اخباری کانفرنس میں صدر جماعت جناب شفیع شابندری پٹیل صاحب، جنرل سکریٹری مولانا محمد حسین جوکا ندوی صاحب، جناب عبدالرحمٰن محتشم صاحب، جناب عبدالعلیم خطیب ندوی صاحب، جناب مولانا طلحہ صاحب ، مولانا شعیب ائیکری ندوی اور دیگر حضرات موجود تھے۔
