مودی حکومت نے ’ڈیجیٹل میڈیا‘ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت کیا، نوٹیفکیشن جاری
02:29PM Wed 11 Nov, 2020
مرکز کی مودی حکومت نے ’ڈیجیٹل میڈیا‘ کے تعلق سے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ جاری کردہ ایک نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب ڈیجیٹل میڈیا وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے ماتحت ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیا گیا ہے جو فوری اثر سے نافذ العمل ہوگا۔ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب آن لائن فلموں، آڈیو-ویزوئل پروگراموں اور آن لائن نیوز و کرنٹ افیئرس کے مواد اطلاعات و نشریات وزارت کے تحت آئیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، مثلاً ہاٹ اسٹار، نیٹ فلکس اور امیزن پرائم پر نشر ہوئی کئی فلموں، سیریز پر تنازعہ ہو چکا ہے۔ یہ بھی مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ اس پر نگرانی اور متنازعہ کنٹنٹ یعنی مواد پر لگام لگانے کے لیے حکومت کوئی قدم اٹھائے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے تعلق سے جو حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، یہ اسی پس منظر میں اٹھایا گیا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ اس کا کتنا اثر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے پروگراموں پر پڑتا ہے۔