پے ٹی ایم کے بانی وجے شرما گرفتار، ضمانت پر رہا

02:20PM Sun 13 Mar, 2022

نئی دہلی: دہلی پولیس کے ایک افسر کی گاڑی کو ٹکر مارنے کے الزام میں گرفتار کئے گئے پے ٹی ایم کے بانی وجے شیکھر شرما ضمانت پر رہا ہوگئے ہیں۔ دہلی پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ 22 فروری کو مالویہ نگر پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق وجے شرما نے اپنی کار سے دہلی پولیس کے ایک افسر کی کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی تھی۔ اس واقعہ کے بعد میں وجے شرما موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ بعد میں انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
مبینہ طور پر یہ حادثہ اروبندو مارگ پر واقع مدر انٹرنیشنل اسکول کے باہر پیش آیا۔ اس وقت جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کے دفتر میں تعینات کانسٹیبل دیپک کمار پولیس افسران کی گاڑی چلا رہے تھے۔ پولیس نے دیپک کمار کی شکایت کی بنیاد پر وجے شرما کے خلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا معاملہ درج کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دوران جانچ پولیس افسر کی گاڑی کو ٹکرمانے والی کار کی شناخت کی گئی اور اس کے ڈرائیور وجے شرما کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ بعد میں اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں شامل دونوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے اور دونوں کی جانچ کی گئی ہے۔