ریاست میں ایس ایس ایل سی نتائج کا ہوا اعلان۔85.63 فیصد طلبہ ہوئے کامیاب: 27 جون کو شروع ہونگے سپلمینٹری امتحانات

12:44PM Thu 19 May, 2022

بینگلورو: 19 مئی،2022 (ذرائع) ریاست میں ایس ایس ایل سی22-2021 کے تعلیمی سال کے نتائج کااعلان آج ہوچکاہے جس کے مطابق ریاست بھر سے امتحان دینے والے طلبہ میں سے جملہ 85.63فیصدطلباء نے تمام مضامین میں کامیابی درج کی ہے جن میں دیہی علاقوں کے طلبہ کا تناسب سب سے زیادہ  بتایا گیا ہے۔ جبکہ ریاست کے 20 اسکولوں  کے طلبہ کا فیصد صفر ہے جہاں ایک بھی لڑکا یا لڑکی کامیاب نہیں ہوئے ہیں ۔ ریاستی وزیربرائے ثانوی تعلیمات مسٹر بی سی ناگیش نے آج ایس ایس ایل سی نتائج کااعلان کرتے ہوئے اس کی جانکاری دی اور  کہاکہ اس بار جملہ853436 طلبہ نے دسویں کاامتحان دیاتھا جن میں سے730881طلبہ تمام مضامین میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں اس بار بھی لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی کامیابی کی شرح زیادہ ہے۔ وزیر تعلیم نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس بار امتحان دینے والے 853436طلبہ میں 412334  لڑکیاں تھیں اور  جن میں سے372279طالبات کامیاب ہوئی ہیں اوران کی کامیابی کی شرح90.29فیصد ہے۔ جبکہ 441199 لڑکوں نے اس بار ایس ایس ایل سی کاامتحان دیاتھا جن میں سے358602 لڑکوں نے کامیابی حاصل کی ہے جن کی کامیابی کی شرح 81.3فیصد درج ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق اس بار ریاست بھرمیں145 طلباء نے 625 سے625 نمبرات حاصل کر تے ہوئے صد فیصد کامیابی درج کی ہے جبکہ 309 طلبہ نے 624  نمبرات حاصل کئے ہیں۔   انہوں نے مزیدبتایاکہ ناکام ہونے والے طلباء27 جون سے4 جولائی تک ہونے والے سپلیمنٹری امتحانات میں دوبارہ امتحان دے سکتے ہیں۔