ملک میں 82,192 مسلم قیدی؛ 21,550 سزا یافتہ

09:40AM Sat 30 Apr, 2016

بھٹکلیس نیوز ؍ 30 اپریل، 16 نئی دہلی نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کے مطابق 2014 کے آخر تک ملک میں 82,192 مسلم قیدی ہیں۔ جس میں 59,550 قیدی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ راجیہ سبھا میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہری بھائی پراتھی بھائی چودھری نے ملک بھر میں مسلم قیدیوں کی جانکاری دیتے ہوئے قومی جرائم بورڈ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے آخر تک 82؍ہزار ایک سو نوے مسلم قیدیوں میں سے 21,550 سزا یافتہ، 59,550 زیر سماعت، 658؍زیر حراست اور 32؍ دیگر قیدی ہیں۔ این سی آر بی کے ڈاٹا کے مطابق مجموعی طور پر سزا یافتہ قیدیوں کے مقابلہ میں مسلم قیدیوں کا اوسط 16.38 ہے جبکہ زیر سماعت قیدیوں کے مقابلہ میں مسلم ملزمین کا تناسب 21.05 فیصد ہے۔ انہوں نے یہ جانکاری ایک سوال کے تحریری جواب میں دی۔ گزشتہ سال این سی آر بی نے انکشاف کیا تھا کہ ملک کی آبادی میں مسلمانوں کا حصہ 14؍فیصد ہے مگر زیر سماعت قیدیوں کے تناسب میں وہ 21؍فیصد ہیں۔ در اصل این سی آر بی کے تجزیہ کے مطابق کچھ مقامات پر آبادی اور زیر سماعت قیدیوں کا اوسط2.1؍ فیصد ہے۔ پارلیمان میں سوال مالیگاؤں دھماکہ کیس میں نو مسلمانوں کی رہائی کے دو دن بعد پوچھا گیا، اس معاملہ میں خصوصی عدالت نے ثبوت کی عدم فراہمی کی وجہ سے تمام ملزمین کو باعزت رہا کردیا تھااس معاملے میں گرفتاری کے بعد ان لوگوں نے پانچ سال جیل کی صعوبتیں برداشت کی تھیں۔ ان تمام لوگوں کو سیمی سے تعلقات ہونے کے شبہ میں اے ٹی ایس نے گرفتار کیا تھا مگر جب این آئی اے نے تفتیش کی تو ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔