پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ، ممبئی میں 80 روپے فی لیٹر ہوا پٹرول ، 85 کے پار پہنچ سکتی ہے قیمت

03:35PM Mon 22 Jan, 2018

نئی دہلی : پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ سے سردی کے موسم میں بھی لوگوں کے پسینے چھوٹنے لگے ہیں ۔ خام تیل کی بین الاقوامی قیمت میں لگاتار اضافہ سے ممبئی میں پیر کو پٹرول کی قیمت بڑھ کر 80.10 روپے فی لیٹر ہوگئی اور ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 67.10 روپے فی لیٹر ہوگئی ۔ دہلی میں بھی پیر کو پٹرول کی قیمت بڑھ کر 72.23 روپے ہوگئی ۔ پٹرو ل اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے دونوں کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانا اب مجبوری ہوگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس پر سنجیدگی سے غور کرنے لگی ہے ۔ اتوار کو پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان نے بھی کہا کہ پٹرول ، ڈیزل اور کیروسین کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے پر حکومت غور کررہی ہے ، اس سے سبھی ریاستوں میں ان کی ایک سی قیمت ممکن ہوگی۔
 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جاری اضافہ سے عام آدی کی جیب پر بوجھ بڑھتا ہی جارہا ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ میں پٹرول کی قیمت میں لگ بھگ تین روپے کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایکسپرٹس کے مطابق فی الحال راحت ملنے کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔پچاسی روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے پٹرول کی قیمت بین الاقوامی بازار میں کچے تیل کی قیمت پہلے سے ہی تین سال کی سب سے اونچی سطح پر ہے ۔ اس درمیان کئی ایجنسیوں نے سال 2018 کیلئے کچے تیل کی اوسط قیمت کے تخمینہ میں اضافہ کیا ہے ۔ مارننگ اسٹینلے اور بینک آف امریکہ میرل لنچ نے 2018 کیلئے کچے تیل کی اوسط قیمت کے تخمینہ میں اضافہ کیا ہے ۔ بینک آف امریکہ میرل لنچ نے اپنے تخمینہ میں 8 ڈالر کا اضافہ کیا ہے ۔ اب 2018 میں برینٹ کروڈ کی اوسط قیمت 64 ڈالر اور ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی اوسط قیمت 60 ڈالر رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، اس لئے ایکسپرٹس مان رہے ہیں کہ ایسے میں پٹرول کی قیمت 85 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔