سدارامیا کے ہاتھوں 80بستروں پر مشتمل نان کووِڈ طبی مراکز کا افتتاح

04:14AM Sun 23 May, 2021

بنگلورو۔23/مئی(سالارنیوز) شہر کے چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ میں سابق وزیراعلیٰ سدارامیا کے ہاتھوں دو مقامات پر 80بستروں پر مشتمل طبی مراکز کا افتتاح عمل میں آیا۔ ایک سنٹر بی بی ایم پی کمیونٹی ہال میں بنایاگیا ہے جبکہ دوسرا سنٹر تاج پارٹی ہال نامی شادی محل میں قائم کیا گیا ہے۔ 40-40 بستروں پر مشتمل ان مراکز میں ان مریضوں کا علاج کیا جائے گا جو کورونا سے ہٹ کر دیگر امراض کی وجہ سے پریشان ہیں۔ان مراکز میں تمام بستروں کو ہمہ وقت آکسیجن کی سہولت سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ فارمیسی اور24گھنٹے ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملے کی فراہمی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ منی آئی سی یو سمجھے جانے والے آکسیجن کانسنٹریٹربھی حاصل کئے گئے ہیں۔رکن اسمبلی ضمیراحمد خان نے بتایا کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کی سہولت کے ساتھ ساتھ حلقہ میں جو افراد گھروں میں بیمار ہیں ان کو ضرورت پڑنے پر آکسیجن کنسنٹریٹر کی سہولت بھی مہیا کروائی جائے گی۔اسپتالوں میں بی بی ایم پی کے ڈاکٹروں کے علاوہ نجی ڈاکٹروں کو بھی متعین کیا گیا ہے اور چند ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر اسپتال میں خدمات انجام دینے کی رضامندی ظاہر کی ہے جن میں فورٹیس اسپتال کے فزیشین ڈاکٹر نصیراور ڈاکٹر سفیان شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں مراکز میں کووڈ ٹیسٹنگ کے علاوہ ویکسی نیشن، بی پی اور شوگر کی جانچ کے ساتھ ساتھ مفت ایمبولینس سرویس فراہم کی گئی ہے۔بی بی ایم پی کمیونٹی ہال میں اسپتال کی نگرانی خود ضمیراحمد خان اور کانگریس لیڈر بی کے الطاف خان کریں گے اور آکسیجن کی فراہمی افضل پاشاہ کے ذمہ ہے، جبکہ تاج پارٹی ہال کے مالکان بابو اورناصرنے شادی محل کو ہیلتھ سنٹر کے طور پر استعمال کرنے کے لئے مفت فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس اسپتال میں آکسیجن وغیرہ کی فراہمی کی ذمہ داری ملک بیگ نے لی ہے۔