بھٹکل میں کل سے چار دن  تک صبح 8 سے 12 بجے تک رہے گی ضروری اشیاء خریدنے کی چھوٹ: اسسٹنٹ کمشنر نے دی تفصیلات۔ بھیڑ کو کم کرنے بہت سے اقدامات کی دی جانکاری

01:48PM Sun 30 May, 2021

بھٹکل: 30 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں پانچ دنوں کے مکمل لاک ڈاؤن کے بعد کل پیر  سے جمعرات تک چار دنوں کے لیے صبح 8 بجے سے 12 بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے  چھوٹ دی گئی ہے۔ بھٹکل تعلقہ میں اس وقت  28 کنٹینمنٹ زون ہیں جن میں سے  چار میونسپال حدود میں، چھ جالی پٹن پنچایت حدود میں، 17 گرام پنچایت حدود میں اور ایک خصوصی کنٹینمنٹ زون شرالی کو بنایا گیا ہے جہاں کسی بھی طرح کے چہل پہل یا آمدو رفت کی اجازت نہیں ہے ان علاقوں میں روز مرہ کی چیزیں گھروں میں پہنچائی جائیں گی۔ یہ جانکاری آج عصر بعد بھٹکل کے منی ودھا سودھا میں اسسٹنٹ کمشنر نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے چار دن صبح کے اوقات میں آٹھ بجے سے 12 بجے تک رہنے والی چھوٹ کے تعلق سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ان چار دنوں میں کسی بھی کنٹینمنٹ زون میں گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی ۔ انہوں نےکہا کہ تمام پیٹرول بنکوں میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف پاس والوں کو ہی پیٹرول اور ڈیزل  دیں اس کے علاوہ کسی کو پیٹرول یا ڈیزل نہیں دیں ۔ محترمہ ممتا دیوی نے کہا کہ قومی شاہراہ پر لوگوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے  کل سے سبزیاں اور پھل وغیرہ بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی اس کو اسپتال روڈ پر جہاں سنڈے مارکیٹ لگتی ہے وہاں جگہ فراہم کی جائے گی  ۔ وہاں پہنچ کر لوگ کویڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے خریداری کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتطامیہ کی نظر میں چند ایسی سوپر مارکیٹ بھی آئی ہیں جہاں لوگوں کی بھیڑ بہت ہی زیادہ ہورہی ہے اور وہاں کویڈ کی احتیاطی تدابیر پر عمل بھی نہیں ہورہا ہے اس وجہ سے ان تمام سوپر مارکیٹ کو بھی بند رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔ بینک کے تعلق سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ بینک والوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 8 بجے سے 12 بجے تک کسٹمر سرویس جاری رکھیں  تاکہ عوام چھوٹ کے اوقات میں پہنچ کر اپنا کام کرسکیں۔  انہوں نے کہا کہ بارہ بجے کے بعد بینک جانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں رہے گی لیکن بنک اپنے دفتری کام کے لیے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے چھوٹ کا غلط استعمال کرنے سے بچنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کا سامان ایک ساتھ لے جائیں تاکہ انہیں بار بار باہر نہ آنا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں آہستہ آہستہ کورونا کے معاملات  میں کمی واقع ہورہی ہے  اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی جوکہ ایک اچھی خبر ہے، اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس بیماری کو دور بھگانے میں مدد کریں۔ اس موقع پر تحصلدار روی چندرا بھی موجود تھے۔