بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی طرف سے کیرئر گائیڈنس پروگرام کا ہوا انعقاد۔ طلبہ کو اپنی صلاحیت کے مطابق کورس منتخب کرنے کی دی گئی صلاح

02:50PM Sun 29 May, 2022

بھٹکل : 29 مئی ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے سگما فاونڈیشن کے تعاون  کے ساتھ آج صبح بھٹکل کے نیو شمس اسکول میں  دسویں  اور بارہویں سے فارغ ہوچکے  طلبہ کے لئے کیرئیر گائیڈنس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں طلبہ کو اگلے اعلی تعلیمی میدان  میں آگے بڑھنے کے متعلق رہنمائی  کی گئی اور ساتھ ہی اعلیٰ تعلیمی کورسس کے لیے دی جانے والی اسکالرشپ کے تعلق سے بھی معلومات فراہم کی گئی۔ کیرئیر یاترا 2022 کے نام سے منعقد تقریبا تین گھنٹے چلے  اس  پروگرام میں سِگما کے فاؤنڈر اور ہندوستان کے معروف  کیرئیر کونسلر اور کوچ  امین مدثر نے اس کیمپ میں طلبہ سے خطاب فرماتے ہوئے اُن کی  ہر طرح سے رہنمائی  کی اور دسویں و بارہویں کے بعد کس  فیلڈ کو لینا ہے اور کس میں کتنے مواقع ہیں ان سب کی جانکاری  طلبہ کو فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ دوستوں کی دیکھا دیکھی اور اپنے والدین کی زبردستی کسی کورس کو منتخب کرنے کی غلطی ہر گز نہ کریں بلکہ وہ دیکھیں کہ ان کے اندر کس طرح کی صلاحیت ہے اسی اعتبار سے وہ اگلی فیلڈ اور کورس کا انتخاب کریں۔ پروگرام کا آغاز صبح قریب 10:30 بجے مولوی محمد حسین جوکاکو کی تلاوت سے ہوا  جس کے بعد ایڈوکیٹ عمران لنکا نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمان کا تعارف بھی کیا۔ڈائس پر صدر فیڈریشن مولانا عزیزالرحمٰن رکن الدین ندوی، پرنسپال نیو شمس اسکول جناب لیاقت علی، جنرل سکریٹری عمیر،مولوی نبیل انجم، شمس اسکول سکریٹری جناب انعم اعلیٰ وغیرہ موجود تھے ۔