فیس بک سے آئی فون پر مفت کال کی سہولت

11:55AM Fri 18 Jan, 2013

فیس بک سے آئی فون پر مفت کال کی سہولت سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے موبائل فون ایپ میں ایک نئی سہولت فراہم کی ہے جس کے تحت امریکہ میں فیس بک سے آئی فون پر مفت کال کی جاسکے گی۔ امریکہ میں آئی فون استعمال کرنے والے صارفین ایک دوسرے کو ’فیس بک میسنجر‘ کے ذریعے مفت بات چیت کرسکتے ہیں۔ فیس بک کی جانب سے دی جانے والی یہ سہولت ان افراد کے لیے بے حد کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جو گھنٹوں گھنٹوں فون پر بات کرنے میں بڑی رقم خرچ کرتے ہیں۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ یہ سہولت اینڈروئیڈ اور بلیک بیری فون کے لیے بھی فراہم کرنے پر غور کررہی ہے۔ اس نئی ایپ کے تحت آئی فون پر فیس بک استعمال کرنے والوں کو اپنے آن لائن دوستوں سے بات کرنے کے لیے میسنجر میں جاکر ’آئی‘ بٹن کو دبانا ہوگا اور ’فری کال‘ کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔ یہ کال وہ فیس بک پر اپنے دوستوں کو کر سکتے ہیں جنہوں نے اپنے فون میں یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کررکھی ہے۔ اس نئی ایپ کے ذریعے نہ تو لینڈ لائن پر فون کیا جاسکتا اور نہ ہی ان آن لائن دوستوں کو جو فیس بک پر ہیں لیکن اس ایپ کا استعمال نہیں کررہے۔ فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق اس نئی سہولت کا ’سکائپ‘ سے کوئی تعلق نہیں ہے جوکہ پہلے ہی فیس بک سائٹ کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک فون کرنے کی ایپ ہے۔ فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیس بک جلد ہی یہ سہولت دوسرے فونز اور دوسرے خطوں میں بھی متعارف کرے گا۔
 BBC